سندھ ہائیکورٹ نے گجر نالے تجاوزات آپریشن کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی استدعا مسترد کردی

جمعرات 29 جولائی 2021 16:21

سندھ ہائیکورٹ نے گجر نالے تجاوزات آپریشن کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2021ء) سندھ ہائیکورٹ نے گجر نالے تجاوزات آپریشن سے متعلق لیز مکانات توڑنے پر چیف سیکریٹری و دیگر کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی استدعا مسترد کردی۔ جسٹس محمد شفیع صدیقی اور جسٹس آغا فیصل پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو گجر نالے تجاوزات آپریشن میں لیز مکانات توڑنے پر چیف سیکریٹری و دیگر کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

ہائیکورٹ نے چیف سیکریٹری و دیگر کیخلاف توہین عدالت کارروائی کی استدعا مسترد کردی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے گجر نالہ تجاوزات آپریشن سپریم کورٹ کی ہدایت پر ہو رہا ہے۔ اگر آپ فیصلے سے متاثر ہیں تو سپریم کورٹ جائیں۔ دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ گجر نالہ تجاوزات سے متعلق فیصلے کا غلط استعمال ہو رہا ہے۔ لیز مکانات کو توڑا جا رہا ہے۔ متعلقہ حکام کو لیز مکانات توڑنے سے روکا جائے۔ چیف سیکریٹری اور دیگر متعلقہ حکام کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔