ارباب غلام رحیم سندھیوں کے دشمن اور متنازع شخصیت ہیں ، سردار یاسرخان ببر

جمعرات 29 جولائی 2021 16:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2021ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماسردار یاسر خان ببر نے ارباب غلام رحیم کو سندھیوں کا بدترین دشمن قراردیتے ہوئے کہاہے کہ وفاقی حکومت نے سندھ کو کراچی سے الگ کرنے کا منصوبہ بنالیاہے اور اس سلسلے میں ایک ایسے شخص کا تعاون حاصل کیاہے جس کے دور میں کراچی کی زمینوں پر لیز کے اختیارات وزیراعلیٰ کی بجائے اس وقت کے سٹی ناظم مصطفی کمال کو دیئے گئے تاکہ غیرسندھیوں کو مضبوط کیا جائے جبکہ ارباب رحیم کے دور میں ایری گیشن کے وزیر نادراکمل لغاری نے ارباب رحیم کے آشیر بادسے کمیٹی بناکر کالا باغ ڈیم بنانے کی حمایت کی تھی،اسی کے دور میں شوکت عزیز جیسے بندے کو تھر سے لاکر ایم این اے منتخب کرواکر تھریوں کے ووٹ کا تقدس پامال کیا گیا، ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ سے جاری کردہ بیان میں کیا، انہوں نے کہاکہ ارباب رحیم کے دور میں سندھیوں کا کراچی کے تعلیمی اداروں میں داخلہ بند کردیا گیاتھا،جبکہ اسی کے دور میں سندھ سیکرٹریٹ میں سندھی افسران کی تعداد آٹے میں نمک کے برابر تھی،جبکہ ارباب رحیم نے اپنی وزرات اعلیٰ بچانے کے لیے کراچی کو الگ صوبہ بنانے کے لیے ایم کیو ایم کی حمایت کی،اور ہمیشہ جمہوری حکومت کا تختہ الٹنے کے لیے مارشل لاء لگانے بیانات دیے ،ارباب رحیم اور ان کے ساتھیوں نے ہمیشہ ملک دشمن ایجنڈے پر کام کیا، ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے سندھ سے کیئے گئے وعدوں میں سے ایک کو بھی پورانہیں کیا اگست میں وزیراعظم کے دورے سندھ پرجبری قبضے کی کوششوں کا حصہ ہونگے ،اور وہ اس سلسلے میں ارباب رحیم جیسے لوگوں کو اپنی انتقامی سیاست کے لیے استعمال کرینگے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ارباب رحیم نے محترمہ شہید بت نظیر بھٹو کی وطن واپسی اور شاہراہ فیصل پر ان کے استقبالیہ ریلی میں بم دھماکے پر کہا تھا کہ محترمہ کی وطن واپسی ہی نحوست تھی جبکہ دنیا جانتی ہے کہ شہید بی بی اپنی قوم اور ملک کے لیے اپنی جان دیدی مگر اس قسم کی بیان بازی کرنے والے لوگ آج بھی ملک دشمن عناصر کے پیروکار بنے ہوئے ہیں ، سردار یاسر خان ببر کا کہنا تھا کہ ارباب رحیم نے اپنے دور میں پی پی رہنمائوں پر جھوٹے مقدمات بنواکر انہیں پھنسایا اور اپنی سندھ دشمنی کا ثبوت دیا تھا،انہوں نے مزید کہا کہ عمران نیازی اور ان کے کراچی میں موجود نام نہادچمچے اگر یہ سمجھتے ہیں کہ وہ ارباب رحیم جیسی متناذعہ شخصیت کو ساتھ ملاکر اپنے مذموم عزائم میں کامیاب ہونگے تو یہ ان کی بھول ہوگی سندھ پیپلزپارٹی کا گڑھ تھا اور رہے گا اور جس کسی نے سندھ کو توڑنے کی بات کی ہے انہوں نے ہمیشہ اپنے ہی کارکنوں کے ہاتھوں جوتے کھائے ہیں۔