کراچی: بچی کا زیادتی کے بعد قتل، شنیرا شدید برہم

آخر کب ہمارے ملک پاکستان سے اس درندگی کا خاتمہ ہوگا ،ٹوئٹر پر پیغام

جمعرات 29 جولائی 2021 16:26

کراچی: بچی کا زیادتی کے بعد قتل، شنیرا شدید برہم
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2021ء) کراچی کے علاقے کورنگی میں اغوا اور تشدد و زیادتی کے بعد قتل ہونے والی بچی کے قتل پر سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا ہے کہ آخر کب ہمارے ملک پاکستان سے اس درندگی کا خاتمہ ہوگا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں شنیرا نے کہا کہ یہ چھوٹی بچی میری بیٹی کی عمر کی ہی تھی، جو گھر سے کھیلنے کے لیے نکلی لیکن واپس نہیں آئی۔

شنیرا نے شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بتائیں کہ میں کیسے اس کے بارے میں بات کرنا چھوڑ دوں انہوں نے کہا کہ یہ افسوسناک واقعہ میرے گھر سے صرف 20 منٹ کی دوری پر ہوا ہے، یہ میرے شہر کراچی میں ہوا ہے، یہ ہمارے ملک پاکستان میں ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

شنیرا نے کہا کہ مجھے یہ نہ بتائیں کہ یہ سب ہوتا رہتا ہے اور نہ ہی مجھے آواز بلند کرنے سے روکیں کیونکہ میں نہیں رکنے والی۔

وسیم اکرم کی اہلیہ نے کہا کہ مجھے یہ بتانا بند کریں کہ یہ سب ہر جگہ ہوتا ہے، میں آپ کو بتا رہی ہوں کہ یہ پاکستان میں ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اور میں اس کو نظرانداز کرنے سے انکار کرتی ہوں جب تک کہ ہمارا ملک اس کے بارے میں کچھ نہ کرے۔شنیرا نے کہا کہ بہت زیادہ درد اور بہت زیادہ خون بہہ گیا ہے، آگاہی نہیں دی جارہی ہے اور نہ ہی یہ سب روکنے کے لیے کوئی اقدام کیا جارہا ہے۔آخر میں انہوں نے سوالیہ انداز میں کہا کہ یہ کب ختم ہوگا