ہمارے اندازے کے مطابق واٹس ایپ نے پیگاسس کی مدد کی

پیگاسس بنانے والی این ایس او نے جو کچھ کیا ہمارے اندازے میں واٹس ایپ اس میں شامل تھا۔ پی ٹی اے حکام

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 29 جولائی 2021 16:08

ہمارے اندازے کے مطابق واٹس ایپ نے پیگاسس کی مدد کی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جولائی 2021ء) : پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے حکام نے کہا کہ ہمارے اندازے کے مطابق پیگاسس بنانے والی این ایس او نے جو کچھ کیا اس میں واٹس ایپ شامل تھا۔ نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق امجد علی خان کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی دفاع کا اجلاس ہوا جس میں ایڈیشنل سیکرٹری وازرت داخلہ نے کمیٹی کو سائبرکرائم کے حوالے سے بریفنگ دی۔

ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ دنیا میں ہمارے قوانین کو تسلیم نہیں کیا جاتا، یہ ایک بڑا مسئلہ ہے جب کہ ڈی جی سائبر کرائم نے کہا کہ کئی معاملات میں کنٹری ٹو کنٹری تعاون نہیں ہوسکتا تھا۔ ایف اے ٹی ایف آنے سے اب کنٹری ٹو کنٹری تعاون ممکن ہوگیا ۔ عالمی سطح پرپولیس رابطے کی اجازت مل گئی ہے، اب ڈارک ویب، پورنوگرافی اور ایسے دیگر سائبرکرائمزکی اطلاعات ہمیں دیگر ممالک سے مل رہی ہیں۔

(جاری ہے)

ڈی جی ایف آئی اے سائبر کرائمز نے مزید بتایا کہ فیس بک، ٹویٹر اور دیگرنے ہمیں پورٹل دے رکھے ہیں، ہم وہاں شکایات درج کرواتے ہیں مگر ہمیں صرف 34 فیصد جواب دیے جاتے ہیں، ہمیں صرف چائلڈ پورنوگرافی کے حوالے سے جواب دیے جاتے ہیں۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں پی ٹی اے حکام نے انکشاف کیا کہ پیگاسس کے ذریعے دنیا بھرمیں جاسوسی کی گئی، فوج نے پہلے ہی بروقت ایکشن لیا اور اسمارٹ فون پر پابندی عائد کی۔

پی ٹی اے حکام کا کہنا تھا کہ انکرپشن توڑی نہیں جاسکتی اور پیگاسس آپ کا مائیک ہیک کرلیتا ہے، ہمارا اندازہ ہے کہ واٹس ایپ نے ان کی مدد کی ہے، پیگاسس بنانے والی این ایس او نے جو کچھ کیا ہمارے اندازے میں واٹس ایپ اس میں شامل تھا، گوگل کے پاس ہماری سائبر ایکٹیوٹی کا سارا ریکارڈ موجود ہے۔