تاریخ پیدائش، شادی کی تاریخ اور سات بچوں کی تاریخ پیدائش بھی یکم اگست

یکم اگست سے جُڑے سندھ کے ضلع لاڑکانہ کے رہائشی خاندان کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کر لیا گیا، منفرد ریکارڈ کے حامل اس خاندان کی ’اردو پوائنٹ‘ سے خصوصی گفتگو بھی اس رپورٹ میں ملاحظہ فرمائیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 29 جولائی 2021 16:58

تاریخ پیدائش، شادی کی تاریخ اور سات بچوں کی تاریخ پیدائش بھی یکم اگست
لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جولائی 2021ء) : ویسے تو ہر انسان کو اپنی زندگی میں کچھ نہ کچھ منفرد اور نمایاں کرنے کی خواہش ہوتی ہے لیکن پاکستان میں یکم اگست سے جُڑا ایک ایسا خاندان بھی ہے جس میں تاریخ پیدائش اور شادی کی تاریخ سے لے کر بچوں کی تاریخ پیدائش بھی یکم اگست ہی ہے ، سندھ کے ضلع لاڑکانہ کے اس رہائشی خاندان کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کر لیا گیا۔

اردوپوائنٹ کے مطابق لاڑکانہ کے رہائشی خاندان کا تعلق یکم اگست سے جڑا ہوا ہے ، جن کی تاریخ پیدائش بھی یکم اگست ، شادی کی تاریخ بھی یکم اگست، سات بچوں کی تاریخ پیدائش بھی یکم اگست ہے ، لاڑکانہ کے رہائشی اور پیشے کے اعتبار سے اسکول ٹیچر امیر آزاد منگی اپنے خاندان سمیت یکم اگست کے منفرد اور دلچسپ اتفاق کے باعث گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کا حصہ بن چکے ہیں۔

(جاری ہے)

امیر آزاد منگی اور ان کی اہلیہ کی نہ صرف تاریخ پیدائش یکم اگست ہے بلکہ ان کی شادی بھی یکم اگست کو ہوئی، اور تو اور ان کے 7 بچوں کی تاریخ پیدائش بھی یکم اگست ہی ہے۔ پاکستان کے صوبہ سندھ کے ضلع لاڑکانہ کے رہائشی اس خاندان میں ہر سال یکم اگست کو والد، والدہ اور بچوں سمیت اکٹھی سالگرہ منانے والے 9 افراد کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ ٹیم نے ڈھائی سال کی طویل تحقیقات اور مکمل دستاویزی تصدیق کے بعد سرٹیفیکیٹ اور ایوارڈ جاری کر دیا اور ان کا نام گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کر لیا ، اس ریکارڈ کا سرٹیفیکیٹ جاری ہونے پر امیر آزاد منگی کے اہل خانہ نے خوشی کا اظہار کیا۔

اس حوالے سے اردو پوائنٹ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے امیر آزاد منگی نے کہا کہ میری زندگی سے منسلک ہر خوشی کا پل ایک اور آٹھ کے ہندسے سے جُڑا ہوا ہے ، یہاں تک کہ میں نے 31 سال قبل بطور ٹیچر اپنی نوکری کا آغاز بھی یکم اگست کو کیا ، انہوں نے اپنے معاشی مسائل کا بھی تذکرہ کیا اور کہا کہ شاید کوئی ایسی تاریخ بھی آجائے جو خوشحالی لائے۔ انہوں نے مزید کیا کہا ، اس ویڈیو میں ملاحظہ فرمائیں

متعلقہ عنوان :