جنرل ہسپتال سے اغواء ہونیوالی نومولود جڑواں بہنیں چند گھنٹوں بعد بازیاب

جمعرات 29 جولائی 2021 19:15

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2021ء) لیہ کے رہائشی خالد کی بیوی کرن چھ ماہ قبل اپنا میڈیکل چیک اپ کروانے گورنمنٹ جنرل ہسپتال غلام محمد آباد آئی جہاں پر ایک خاتون سمیرا بی بی سے اس کی سلام دعا ہو گئی۔ سمیرا بی بی نے کرن سے مسلسل رابطہ رکھا ‘ڈلیوری سے قبل کرن بی بی غلام محمد آباد کے علاقے سدھو پورہ میں اپنی والدہ رخسانہ بی بی کے پاس آ گئی تھی اور جس روز کرن ڈلیوری کے لئے جنرل ہسپتال آئی تو سمیرا بی بی بھی وہاں پر پہنچ گئی جس نے ایک منصوبے کے تحت مذکورہ خاتون کرن اور اس کی والدہ رخسانہ بی بی کی خاطر مدارت کی ۔

27جولائی کی رات گئے کرن کے ہاں دو جڑواں بیٹیاں پیدا ہوئیں تو اسے دونوں بیٹیوں سمیت گائنی وارڈ منتقل کر دیا گیا۔ مذکورہ خاتون سمیرا بی بی بھی اس کے ساتھ چلی گئی اور علی الصبح کرن بی بی کی نیم بیہوشی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اس کی دونوں نومولود بیٹیوں کو اغواء کر لیا اور ایک بیگ میں بند کر کے رفوچکر ہو گئی۔

(جاری ہے)

اس سارے وقوعے کو ہسپتال میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں نے فلم بند کر لیا۔

اطلاع ملتے ہی جنرل ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر عامر نوید موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع کی۔ تھانہ غلام محمد آباد کے ایس ایچ او رائے آفتاب وسیم اپنی ٹیم کے ہمراہ ہسپتال پہنچ گئے جنہوں نے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی مدد سے تحقیقات شروع کر دیں۔اس دوران پولیس کو ہسپتال کے مین گیٹ کے باہر موٹر سائیکل پر موجود مشکوک نوجوان نظر آیا جسے سمیرا بی بی نے بچیوں والا بیگ پکڑایا اور اس کے ساتھ موٹر سائیکل پر سوار ہو کر وہاں سے گئی تھی۔

پولیس نے مذکورہ مشکوک نوجوان کی تصویر کا کلوز اپ لیا اور نادرا کی مدد سے اس کا شناختی کارڈ نکالا اور اس کے گھر واقع بسم اللہ ٹائون میں چھاپہ مارا تو مذکورہ نوجوان اعجاز اور اسکی بیوی سمیرا مذکورہ نومولود بچیوں کے ساتھ گھر میں موجود تھے۔ پولیس نے چھاپہ مار کر میاں بیوی سمیت 4افراد قابو کر لئے اور نومولود بہنوں کو بازیاب کر کے اس کی والدہ کے سپرد کر دیا۔

دونوں بیٹیوں کو دیکھ کر کرن بی بی اس کے خاوند خالد اور اس کی والدہ رخسانہ بی بی جذباتی ہو گئیں ۔ ماں نے دونوں بیٹیوں کو گلے سے لگا لیا اور زاروقطار رونا شروع کر دیا۔ یہ جذباتی مناظر دیکھ کر ہسپتال میں موجود ڈاکٹروں ‘ نرسوں ‘ پولیس افسروں سمیت تمام لوگوں کی آنکھیں نم ہو گئیں۔بعدازاں پولیس نے اغواء کار گروہ سے تفتیش کی تو خاتون سمیرا اور اس کے خاونداعجاز نے کچھ عرصہ قبل الائیڈ ہسپتال سے بچے اغواء کرنے کا اعتراف کر لیا۔شہری حلقوں نے ہسپتال کی انتظامیہ اور مقامی پولیس کی کارکردگی کو سراہا ہے۔