براڈشیٹ اور احتساب بیورو کے درمیان ہرجانے کی رقم کی ادائیگی پر اختلافات

حکومت پاکستان مقدمے کے اخراجات 35 ہزار ڈالر دینے کوتیار، نیب کے پاس صرف منجمد کی گئی رقم ادا کرنے کے اختیارات ہیں، فریقین نے معاملے کے حل کیلئے لندن ہائیکورٹ سے دوبارہ رجوع کرلیا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 29 جولائی 2021 17:35

براڈشیٹ اور احتساب بیورو کے درمیان ہرجانے کی رقم کی ادائیگی پر اختلافات
لندن (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 جولائی2021ء) براڈشیٹ اور احتساب بیورو کے درمیان ہرجانے کی رقم کی ادائیگی پر اختلافات سامنے آگئے، براڈشیٹ وکلاء نے کہا کہ وہ سود، مقدمے کے اخراجات کی ادائیگی کیلئے عدالت سے کہیں گے، حکومت پاکستان کے وکلاء نے کہا کہ مقدمے کے اخراجات 35 ہزار ڈالر دینے کوتیار ہیں، نیب وکلاء کا کہنا ہے کہ ان کے پاس صرف منجمد کی گئی رقم ادا کرنے کے اختیارات ہیں۔

تفصیلات کے مطابق براڈشیٹ اور احتساب بیورو کے درمیان ہرجانے کی رقم کی ادائیگی پر اختلافات سامنے آئے ہیں۔ فریقین نے معاملے کے حل کیلئے لندن ہائیکورٹ سے دوبارہ رجوع کرلیا ہے، فریقین کی جانب سے کئی ماہ جاری مذاکرات کی ناکامی کے بعد لندن ہائیکورٹ سے رجوع کیا گیا ہے۔ حکومت پاکستان کے وکلاء کے مطابق اصل رقم 12 لاکھ 22 ہزار 37 ڈالرز دینے کو تیار ہیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح حکومت پاکستان کے وکلاء کے مطابق وہ مقدمے کے اخراجات 35 ہزار ڈالر دینے کوتیار ہیں۔ براڈشیٹ کے وکلاء نے کہا کہ وہ سود، مقدمے کے اخراجات کی ادائیگی کیلئے عدالت سے کہیں گے، نیب وکلاء کا کہنا ہے کہ ان کے پاس صرف منجمد کی گئی رقم ادا کرنے کے اختیارات ہیں۔یاد رہے حکومت پاکستان نے سابق وزیر اعظم نواز شریف، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو، سابق صدر آصف زرداری ودیگر افراد کے اثاثوں کا پتا لگانے کیلئے براڈیشٹ کی خدمات لی تھیں۔

اس سے قبل 11 جون کو امریکی جج نے براڈ شیٹ کے 29 ملین ڈالر پر ہیج فنڈ کا دعویٰ خارج کردیا ترھا، ہیج فنڈ وی آر گلوبل پارٹنر نے براڈ شیٹ کے خلاف امریکا اور آئل آف مین میں کیس کیے تھے۔ہیج فنڈ نے براڈ شیٹ کو پاکستان سے ملنے والے 29 ملین ڈالر پر اپنا حق جتانے کی کوشش کی، وی آر گلوبل نے براڈ شیٹ کے وکلاء کو پاکستان پر کیس کیلئے 6 ملین ڈالر دیئے تھے۔

آئل آف مین کی عدالت نے براڈ شیٹ کے لیکوڈیٹرز کو قرض خواہوں کو رقم دینے سے روکا تھا، براڈ شیٹ اور وی آر گلوبل کے درمیان آئل آف میں تنازع ابھی عدالت میں ہے۔واضح رہے کہ ہائی کورٹ نے دسمبر 2020 ء میں براڈ شیٹ کے حق میں فیصلہ دیا، وی آرگلوبل کاکہنا ہے کہ براڈ شیٹ نے ہرجانے کی رقم مخصوص اکاؤنٹ میں نہ رکھ کر معاہدے کی خلاف ورزی کی۔