امید ہے نیا مالی سال پاکستان ریلوے کے لئے بہتر اور سودمندثابت ہوگا ‘اعظم سواتی

تمام افسران و ملازمین اپنی ویکسین کو10اگست تک یقینی بنائیںکیونکہ کرونا کا بہترین علاج صرف احتیاط اور ویکسین ہے ریلوے میں ایفیشینسی کو بڑھانے کیلئے صرف کام کرنے والوں کی ضرورت ہے جو کام نہیں کرے گا اسے سرپلس پول میں ڈالا جائے‘اجلا س سے خطاب

جمعرات 29 جولائی 2021 20:07

امید ہے نیا مالی سال پاکستان ریلوے کے لئے بہتر اور سودمندثابت ہوگا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2021ء) وفاقی وزیر ریلوے محمد اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہریلوے ہیڈ کوارٹرزکے علاوہ ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ افسران سمیت تمام ملازمین اپنی ویکسین کو10اگست تک یقینی بنائیںکیونکہ کرونا کا بہترین علاج صرف احتیاط اور ویکسین ہے،پاکستان ریلوے میں ایفیشینسی کو بڑھانے کیلئے صرف کام کرنے والوں کی ضرورت ہے جو کام نہیں کرے گا اسے سرپلس پول میں ڈالا جائے،ریلوے سے نکالنے کی بجائے انہیں مختلف شعبوں میں جہاں ان کی ضرورت سمجھی جائے گی انہیں وہاں لگادیاجائیگا، اپنے مزدوروں اور افسروں کو جو بھی اچھا کام کریں گے انہیں انعام بھی دیاجائے گا تاکہ ان کے حوصلے بلند ہوں اور مزید محنت اور لگن سے کام کریں،نئی جدت کے ساتھ یکم جولائی سے نیا مالی سال شروع ہوا ہے دعا کریں کہ پاکستان ریلوے کے لئے بہتر اور سودمندثابت ہو،اس ملک کے 22 کروڑ عوام کو آرام دہ اور محفوظ سفر دینا اور ان کی جان و مال کی حفاظت کرنا آپ لوگوں کی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہاروفاقی وزیر ریلویز محمد اعظم خان سواتی نے ریلوے ہیڈ کوارٹرز آفس لاہور میں ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔وزیر ریلوے نے کہا کہ ریلوے ہیڈ کوارٹرزکے علاوہ ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ افسران سمیت تمام ملازمین اپنی ویکسین کو10اگست تک یقینی بنائیںکیونکہ کرونا کا بہترین علاج صرف احتیاط اور ویکسین ہے۔ پاکستان ریلوے میں ایفیشینسی کو بڑھانے کیلئے صرف کام کرنے والوں کی ضرورت ہے جو کام نہیں کرے گا اسے سرپلس پول میں ڈالا جائے۔

ریلوے سے نکالنے کی بجائے انہیں مختلف شعبوں میں جہاں ان کی ضرورت سمجھی جائے گی انہیں وہاں لگادیاجائیگا۔ اپنے مزدوروں اور افسروں کو جو بھی اچھا کام کریں گے انہیں انعام بھی دیاجائے گا تاکہ ان کے حوصلے بلند ہوں اور مزید محنت اور لگن سے کام کریں۔ وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ بار بار ٹینڈرز دینے کی وجہ سے اشتہارات کی مد میں بہت سا پیسہ ضائع ہوتا ہے لہذا ایک ہی دفعہ ایسا ٹینڈر تیار کریں جس میں کسی قسم کی کوئی خامی باقی نہ رہے ۔

ٹرینوں کی آٹ سورسنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ آپ نقصان میں بزنس نہیں کرسکتے یہ چیئریٹی نہیں یہ بزنس پارٹنرشپ ہے اس میں دونوں کو فائدہ ہونا چاہیے۔ہمیں اپنے آپ کو بزنس مین کے طور پر منوانا ہے ۔تمام چیزوں کاتجزیہ کریں اپنے سینئرز کی بھی رہنمائی لیں۔انہوں نے کہا کہ ہم سکول، کالجز اور ہسپتال پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت آٹ سورس کرنے جارہے ہیں جس کے لیے کام شروع ہوچکاہے ۔

وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن گرین پاکستان کے تحت ریلوے میں شجرکاری مہم کو تیز کیاجائے ہیڈکوارٹرز سمیت تمام ڈویژنوں اور ٹریک کے ساتھ ساتھ جو جگہیں خالی ہیں ان پر پودے لگائیں جائیں تاکہ جب ایم ایل ون شروع ہوتوگرین ماحول پہلے سے ہی تیار ہو۔وزیر ریلوے نے کہا کہ پاکستان ریلوے میں سولر سسٹم لگایاجائے گااس سلسلے میں 155 ریلوے اسٹیشنوں پر سولرسسٹم کی تنصیب کا کام بہت جلد شروع کردیاجائے گا۔

وفاقی وزیر ریلوے نے فیس ریکوگنیشن سسٹم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جن افسران نے یہ کام کیا ہے ان کو ہار پہننانے چاہیے ایسا اچھا کام کرنے والے پاکستان ریلوے کے ساتھ اپنی وابستگی اور اپنائیت کا ثبوت دیتے ہیں۔ انہوں نے ای فائلنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 31 اگست تک پاکستان ریلوے کے تمام شعبے ای فائلنگ کو مکمل کریں ۔ سکریپ والوں کو ایک ہفتے کا ٹائم دیاہے تاکہ وہ تمام سکریپ اٹھوادیں ۔

اجلاس میں چیف ایگزیکٹیو آفیسر پاکستان ریلویز نثار احمد میمن،آئی جی ریلوے عارف نواز کے علاوہ ایڈیشنل جنرل منیجر انفراسٹرکچر آصف متین زیدی، ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک سید مظہر علی شاہ ایڈیشنل جنرل منیجر مکینکل سلمان صادق، ایڈوائزر ٹو فیڈرل منسٹر فار ریلویز عبدالرشید کے علاوہ سینئر افسران اور ویڈیو لنک کے ذریعے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس نے شرکت کی۔

بعدازاں وفاقی وزیر ریلوے نے چیف ایگزیکٹوآفیسر پاکستان ریلویز نثار احمد میمن کے ہمراہ رائل پام گالف اینڈکنٹری کلب کا دورہ بھی کیا۔رائل پام گالف اینڈکنٹری کلب کے دورے کے دوران وفاقی وزیر ریلوے نے مختلف حصوں کا جائزہ لیااور کلب کے منیجر شاہ رخ خان کی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے رائل پام کلب کی بحالی میں اہم کردار ادا کیاہے۔رائل پام گالف اینڈکنٹری کلب کے منیجر نے وفاقی وزیرریلوے کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کلب کے تمام ممبران کلب کی خدمات سے خوش ہیں اور کوئی بھی ایسا ممبر نہیں ہے جس کو کوئی شکایت ہو۔

وفاقی وزیر ریلوے محمد اعظم خان نے کلب میں فراہم کی جانے والی سہولیات اور اس کی بحالی پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ رائل پام گالف اینڈکنٹری کلب ہم پر اللہ کی بڑی نعمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں پرپوش ایریاز کے لوگ آتے ہیں جوکہ گورنمنٹ کو بھاری ٹیکس ادا کرتے ہیں ایسے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جانی چاہئیں۔