یوٹیلیٹی سٹور پر آٹا، چینی اور گھی کی قیمتوں میں اضافہ عوام کیساتھ سراسرظلم ہے‘ذکر اللہ مجاہد

حکومت تین سالوں میں عوام کو ریلیف فراہم دینے کی بجائے مہنگائی کے ذریعے غربیوں کا خون نچوڑ رہی ہے

جمعرات 29 جولائی 2021 21:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2021ء) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ یوٹیلیٹی سٹور پر آٹا، چینی اور گھی کی قیمتوں میں اضافہ عوام کیساتھ سراسرظلم ہے۔ وقافی بجٹ کے بعد مسلسل پیڑول، بجلی، گیس، آٹا، چینی، دالیں اور سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام پر مہنگائی بم برسائے جارہے ہیں جس کی پور زور مذمت کرتے ہیں۔

حکومت تین سالوں میں عوام کو ریلیف فراہم دینے کی بجائے مہنگائی کے ذریعے غربیوں کا خون نچوڑ رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے مختلف سیاسی و سماجی وفود سے گفتگو کے دوران کیا۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ تحریک انصاف نے وفاقی بجٹ کے بعد نئے ٹیکس نہ لگانے کے وعدے سے یوٹرن لیتے ہوئے ملک میں مہنگائی کے طوفان برپا کرکے عوام دشمنی کا ثبوت دیا ہے ۔

(جاری ہے)

ہر ماہ پیٹرول، بجلی، گیس، آٹا، چینی اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ سے ملک کے دیہاڑی دار اور غریب کی کمر ٹوٹ چکی ہے۔ حالیہ یوٹیلٹی سٹورز پر اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سے غریب عوام مہنگائی کی چکی میں پسنے پر مجبور ہوگی۔میاں ذکر اللہ مجاہد نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بجلی اور یوٹیلٹی سٹورز پر اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ کو فی الفور واپس لیا جائے ورنہ پوری قوم سٹرکوں پر ہوگی اور حکمرانوں کو بھاگنے کی جگہ تک میسر نہیں ہوگی۔