اسلام آباد پولیس کا منشیات فروشوں کیخلاف بڑا آپریشن ،گزشتہ تین روز کے دوران 47منشیات فروش گرفتار

منشیات نوجوان نسل کے مستقبل کو تباہ کر رہی ہے ، اسلام آباد پولیس منشیات کی سپلائی کے ساتھ ساتھ اس کی ڈیمانڈ کے خاتمہ کیلئے بھی اقدامات اٹھا رہی ہے ،ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر کی پریس کانفرنس

جمعرات 29 جولائی 2021 21:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2021ء) ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر نے ایس ایس پی آپریشنز ڈاکٹر سید مصطفی تنویر اور ایڈیشنل ایس پی اسلام آباد فرحت عباس کاظمی کے ہمراہ جمعرات کے روز ریسکیو ون فائیو پر اسلام آباد پولیس کے طرف سے منشیات فروشی کے خاتمہ کے لئے چلائی جانے والی مہم کے سلسلہ میں اہم پریس کانفرنس کی ۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ وزیر اعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق وفاقی دارلحکومت کو منشیات جیسی لعنت سے پاک کرنے کے لئے اسلام آباد پولیس نے گزشتہ تین روز کے دوران ضلع بھرمیں منشیات فروشوں کے خلاف بڑا آپریشن کیا ، اس آپریشن کے دوران 47منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے مقدمات درج کئے گئے ہیں۔گرفتار منشیات فروشوں کے قبضے سی8230گرام ہیروئن،19698گرام چرس،519گرام آئس بھی برآمد کر لی گئی ہے۔

(جاری ہے)

14ملزمان کے خلاف 9C، 33ملزمان کے خلاف 9Bکے تحت مقدمات درج کئے گئے ہیں ۔گرفتار منشیات فروشوں میں متعدد ایسے ملزمان بھی ہیں جو سابقہ ریکارڈ یافتہ ہیں اور ان کے خلاف مختلف تھانہ جات میں منشیات فروشی کے متعدد مقدمات درج ہیں۔ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ آئی جی اسلام آباد نے اس ناسور کے خاتمہ کے لئے علمائے کرام سے بھی مدد طلب کی اور ایک بڑا سیمینار بھی منعقد کیا گیا ،اسلام آباد پولیس ہر جمعہ کے روز مساجد میں بھی عوام الناس سے اس لعنت سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے مدد کی اپیل کرتی ہے ۔

افضال احمد کوثر نے مزید کہا کہ منشیات نوجوان نسل کے مستقبل کو تباہ کر رہی ہے ، اسلام آباد پولیس منشیات کی سپلائی کے ساتھ ساتھ اس کی ڈیمانڈ کے خاتمہ کے لئے بھی اقدامات اٹھا رہی ہے ۔گزشتہ دنوں جن منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا ان میں ٹیکسی ڈرائیور، لیڈیز اور کچھ غیر ملکی باشندے بھی شامل ہیں ، ملزمان نے بتایا کہ ان کے گاہک بذریعہ ٹیلی فون رابطہ کرتے ہیں اور ان کے بتائے ہوئے مقام پر ان کو منشیات سپلائی کرتے تھے، غیر ملکی باشندوں نے انکشاف کیا کہ وہ زیادہ تر نوجوانوں میں منشیات کی سپلائی کرتے تھے ،ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایاکہ ہم نے منشیات فروشی کے نیٹ ورک کو توڑ نے کے لئے بھرپور کوشش کر رہی ہے اور یہ آپریشن اسکے خاتمہ تک جاری رہے گا۔

انہوں نے والدین سے درخواست کی کہ وہ اپنے بچوں پر نظر رکھیں کہ وہ کہیں وہ اس لعنت کا شکار تو نہیں ہو رہے ، شہری بھی اپنے اردگرد کے ماحول پرنظر رکھیں اور منشیات فروشوں کے بارے میں کسی بھی انفارمیشن کو فوری اپنی پولیس کے ساتھ شئیر کریں ، اطلاع دہندگا ن کے نام مکمل صیغہ راز میں رکھے جائیں گے۔انہوں نے میڈیا سے بھی اپیل کی کہ وہ بھی اس سلسلہ میں پولیس کے ساتھ آگاہی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔آخر میں ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ آئیں ہم سب مل کر اس لعنت سے چھٹکارا حاصل کریں تاکہ ہماری آنے والی نسل اس کی تباہی سے بچ سکے۔