آزربئجان کے وزیر خارجہ کی اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات

اسپیکر قومی اسمبلی کی دونوں ممالک کے مابین براہ راست فضائی رابطہ کے قیام اور تعلیمی مقاصد کے لیے ویزا پالیسی میں نرمی کی تجویز

جمعرات 29 جولائی 2021 22:29

آزربئجان کے وزیر خارجہ کی اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2021ء) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی سربراہی میں پاکستان کے پارلیمانی وفد سے آذربائیجان کے وزیر خارجہ ، جیہون بیراموف نے ملاقات کی۔ دونوں فریقین نے دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ اسپیکر اسد قیصر نے آذربائجان کو آرمینیا سے اپنے علاقوں کو آزادی دلوانے پر وزیر خارجہ کو مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان آذربائیجان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی بھر پور حمایت کرتا ہے اور کراباخ معاملے پر آذربائیجان کے موقف کی بھر پور حمایت کرتا ہے۔ اسپیکر نے دونوں برادر ممالک کے عوام کے مابین تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لئے آذربائیجان اور پاکستان کے مابین براہ راست پروازوں کو چلانے کی ضرورت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے خاص طور پر دونوں ممالک کے طلبا کے لئے ویزا پالیسی میں نرمی کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے تجویز پیش کی کہ دونوں ممالک کے ممتاز تعلیمی اداروں کو مشترکہ تحقیق اور ڈگری پروگراموں کے ساتھ ساتھ طلبا اور اساتذہ کے تبادلے کے لئے بھی ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے۔ آذربئجان کے وزیر خارجہ نے سہ فریقی اجلاس میں شرکت کرنے پر اسپیکر اسد قیصر کا شکریہ ادا کیا اور ان کی پیش کردہ تجاویز کو سراہا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ان تجاویز کو متعلقہ حلقوں کو غور کے لیے ارسال کیا جائے گا۔ آذربائیجان کے وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ آذربائیجان نے جموں و کشمیر کے معاملہ پر پاکستان کے موقف کی بھر پور حمایت کرتا ہے اور اس مسئلے کے حل کے لیے تمام بین الاقوامی سطح پر اپنی حمایت جاری رکھے گا۔