پاکستان کی مسلح افواج پاک چین اسٹریٹجک تعلقات کا اہم جُز ہے، شی جن پنگ

چین اور پاکستان آہنی بھائی، تمام موسموں کے دوست اور اسٹریٹجک پارٹنر ہیں، عالمی صورتحال جیسی بھی ہو، دونوں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہتے ہیں۔ چینی صدر کا خصوصی پیغام

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 29 جولائی 2021 21:19

پاکستان کی مسلح افواج پاک چین اسٹریٹجک تعلقات کا اہم جُز ہے، شی جن پنگ
راولپنڈی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 جولائی2021ء) چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج پاک چین اسٹریٹجک تعلقات کا اہم جُز ہے، چین اور پاکستان آہنی بھائی، تمام موسموں کے دوست اور اسٹریٹجک پارٹنر ہیں، عالمی صورتحال جیسی بھی ہو، دونوں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہتے ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو راولپنڈی میں چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے قیام کی 94 ویں سالگرہ کی تقریب ہوئی، تقریب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، تقریب میں چینی سفیر نونگ رونگ اور سفارتی حکام نے شرکت کی۔

تقریب میں چینی دفاعی اتاشی نے یوم تاسیس پر استقبالیہ دینے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا، چین کے دفاعی اتاشی نے چینی صدر شی جن پنگ کا پیغام پڑھ کرسنایا۔

(جاری ہے)

چینی صدر نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج پاک چین تعلقات کا اہم جز ہیں، پاکستان کی مسلح افواج پاک چین اسٹریٹجک تعلقات کا اہم جز ہیں، چین اور پاکستان آہنی بھائی ہیں، چین اور پاکستان تمام موسموں کے دوست اور اسٹریٹجک پارٹنر ہیں، عالمی صورتحال جیسی بھی ہو، چین اور پاکستان ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہتے ہیں۔

دنیا بدل سکتی ہے ہم ہمیشہ ساتھ کھڑے ہیں، جغرافیائی تحفظ، علاقائی امن و استحکام کیلئے متحد ہیں۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ماضی ثابت کرتا ہے ہم نے چیلنجز کے سامنے کبھی ہار نہیں مانی، ہمارا ماضی اور حال گواہ ہے ہم کسی چیلنج سے نہیں گھبرائے،پاکستان اور چین کے تعلقات منفرداور مضبوط ہیں،پاک چین تعلقات ہر آزمائش پر پورے اترے ہیں۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ علاقائی امن وسلامتی کیلئے پاک چین شراکت داری کی اہمیت بڑھتی جارہی ہے، پی ایل اے اور پاک فوج ایک دوسرے کے بھائی ہیں۔آرمی چیف نے چین کے دفاع ، سلامتی قومی تعمیر میں پی ایل اے کے کردار کو سراہا۔ہمارے تعلقات مشترکہ مفادات کا تحفظ کرتے رہیں گے۔ اس سے قبل آئی ایس پی آر کی جانب سے منعقدہ خصوصی تقریب میں چینی سفیر اور دفاع اتاشیوں اور چینی سفارتخانے کے ممبران کا زبردست خیرمقدم کیا گیا، فوجی بینڈ نے چائنیز  کی دھنیں بجاتے ہوئے مہمانوں کا استقبال کیا، پنڈال کو خصوصی طور پر چینی رنگین تھیم سے سجایا گیا تھا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے خاص طور پر چینی جھنڈا سرخ گلاب سے بنایا گیا تھا، تقریب کے دوران چینی لالٹینوں کو روشن کیا گیا تھا، تقریب میں خصوصی چینی اور پاکستانی پرچم نمایاں تھے۔ پاک چین تعلقات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے دستاویزی فلم پیش کی گئی۔ پاک چین دوستی پر دستاویزی فلم آئی ایس پی آر کی جانب سے تیار کی گئی۔ تقریب میں  پاک چین دوستی پر علی ظفر اور چینی گلوکارہ کا خصوصی گانا بھی چلایا گیا۔