خوفناک زلزلے نے امریکا کو لرزا کر رکھ دیا

الاسکا میں آنے والا زلزلہ 50 سال کے دوران سب سے زیادہ شدت والا زلزلہ قرار، سونامی کی وارننگ جاری کرنا پڑی

muhammad ali محمد علی جمعرات 29 جولائی 2021 21:44

خوفناک زلزلے نے امریکا کو لرزا کر رکھ دیا
الاسکا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 جولائی2021ء) خوفناک زلزلے نے امریکا کو لرزا کر رکھ دیا، الاسکا میں آنے والا زلزلہ 50 سال کے دوران سب سے زیادہ شدت والا زلزلہ قرار، سونامی کی وارننگ جاری کرنا پڑی۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کی صبح کو امریکی ریاست الاسکا کے بیشتر علاقے خوفناک زلزلے سے لرز گئے، جس کے بعد ساحلی علاقوں کیلئے سونامی وارننگ جاری کرنا پڑی۔




امریکی میڈیا کے مطابق ریاست الاسکا کے قریب سمندر میں آنے والے زلزلے کی شدت 8.2 تھی جس کے فوری بعد سونامی کی وارننگ جاری کردی گئی۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز 91 کلومیٹر دور اور گہرائی 29 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ پہلے زلزلے کے بعد مزید اور انتہائی شدت والے آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے۔

(جاری ہے)

امریکی میڈیا کی جانب سے اس زلزلے کو امریکا کی گزشتہ 50 سالہ تاریخ کا سب سے زیادہ شدت والا زلزلہ قرار دیا جا رہا ہے۔ زلزلے کے بعد کئی علاقوں میں سونامی سائرن بج اٹھے تھے جس کے بعد لوگوں نے ہنگامی طور پر ساحلی علاقوں سے نقل مکانی کی۔ خوش قسمتی سے اتنی شدت کے زلزلے کے باوجود تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، جبکہ زلزلے کے کئی گھنٹے گزرنے کے بعد سونامی وارننگ واپس لے لی گئی۔ جبکہ کچھ ذرائع کی جانب سے الاسکا میں آنے والے اس زلزلے کو 2018 کے بعد دنیا کے کسی بھی حصے میں آنے والا سب سے زیادہ شدت والا زلزلہ بھی قرار دیا جا رہا ہے۔