وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی بحرین کے وزیرداخلہ سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

وزیر خارجہ نے کورونا وبا کی روکتھام کیلئے بحرین کی حکومت کی مخلصانہ کوششوں کو سراہا، بحرین میں مقیم پاکستانیوں کو ویکسین کی فراہمی پر بحرین کی حکومت کا شکریہ ادا کیا

جمعرات 29 جولائی 2021 22:54

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی بحرین کے وزیرداخلہ سے ملاقات، باہمی ..
منامہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2021ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بحرین کے وزیرداخلہ عزت مآب جنرل شیخ راشد بن عبداللہ آل خلیفہ سے منامہ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں وزرا نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کورونا وبا کی روک تھام کے لئے بحرین کی حکومت کی مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے بحرین میں مقیم پاکستانیوں کو ویکسین کی فراہمی پر بحرین کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کورونا وبا کے مشکل حالات کے دوران بحرین میں مقیم پاکستانیوں کو وزارت داخلہ کی طرف سیویزا ایمنسٹی سکیم، جرمانوں سے استثنی ، معافی پانے والے قیدیوں کے علاوہ پھنسے افراد اور پاکستانی خاندانوں کی واپسی کے لئے خصوصی سہولیات کی فراہمی میں متحرک کردار کو بھی سراہا۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان بحرین کے ساتھ اپنے تعلقات کو بے انتہااہمیت دیتا ہے اور دوطرفہ تعلقات کے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم پر کاربند ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان دفاع اور سلامتی میں مضبوط تعاون کا حوالہ دیتے ہوئے وزیرخارجہ نے اجاگر کیا کہ یہ تعلقات تمام شعبوں خاص طورپر دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ میں گہرے دوطرفہ تعاون کے لئے نمایاں مواقع فراہم کرتے ہیں۔

وزیر داخلہ نے وزیر خارجہ کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے زوردیا کہ بحرین پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے۔ بحرین کے وزیر داخلہ نے دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں قریبی تعاون کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کوملنے والی تقویت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ بحرین کی ترقی میں وہاں مقیم پاکستانیوں کی اہم کاوشوں کا اعتراف کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے بحرین میں رہائش پزیر پاکستانی برادری کو تحفظ اور محفوظ ماحول کی فراہمی کے حکومت بحرین کے عزم کا اعادہ کیا ۔ پاکستان اور بحرین کے درمیان مشترک عقیدے اور تاریخ پر مبنی روایتی قریبی اور برادرانہ تعلقات استوار ہیں۔ اپنے سٹرٹیجک محل وقوع کی بناپر عالمی امن واستحکام میں بحرین کو نہایت اہمیت حاصل ہے۔