حیدرآباد کی ہوٹلیں شام 6بجے بند کرنے کیخلاف آل حیدرآباد ہوٹلز اینڈ ریسٹورنٹس ایسوسی ایشن کی طرف سے احتجاج

جمعرات 29 جولائی 2021 23:29

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2021ء) ضلعی انتظامیہ کی طرف سے حیدرآباد کی ہوٹلیں شام 6بجے بند کرنے کے خلاف آل حیدرآباد ہوٹلز اینڈ ریسٹورنٹس ایسوسی ایشن کی طرف سے شہبا زبلڈنگ پر کمشنر آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین انتظامیہ کے فیصلوں کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے رہے۔

(جاری ہے)

ایسوسی ایشن کے صدر نواب خان و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس ایک حقیقت ہے جس سے ہم انکار نہیں کرتے اور ہم تمام ایس او پیز کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنا کاروبار چلاسکتے ہیں، انہوں نے کہاکہ دو سال سے ہوٹل انڈسٹری کے مالکان اور لیبر پہلے ہی فاقہ کشی پر مجبور کردی گئی ہے ، ہوٹل مالکان اور وہاں کام کرنے والوں کو ایس او پیز کے نام پر ہراساں اور گرفتار کرکے اذیتیں دی جاتی ہیں، انہوں نے کہا کہ حکومت ہمیں بتائے کہ ہم احتجاج نہ کریں دھرنے نہ دیں تو کیا خودکشیاں کریں، ہمارے بچے بھوکے مر رہے ہیں، انہوں نے کہاکہ کورونا ایس او پیز کے تحت ہوٹل مالکان کو کاروبار کی اجازت دی جائے تاکہ اس کاروبار سے وابستہ ہزاروں افراد اپنے گھر کا گزر بسر کرسکیں ، اگر یہی صورتحال رہی تو اس کاروبار سے تعلق رکھنے والے افراد بھوک و بدحالی کا شکار ہوہو جائیں گے، انہوں نے کہاکہ ہوٹل اور ریسٹورنٹس زیادہ تر کرایہ کی جگہوں پر ہیں ان حالات میں جگہ کا کرایہ بھی نکالنا مشکل ہے پھر ملازمین کی تنخواہ اور دیگر اخراجات کس طرح ممکن ہوسکتے ہیں، انہوں نے وزیراعظم، وزیراعلیٰ سندھ اور کمشنر حیدرآباد سے پرزور مطالبہ کیا کہ ہمیں بھی ایس او پیز کے تحت کاروبار کرنے کا موقع دیا جائے، ہمیں بھی جینے دیا جائے۔