لاہور ہائیکورٹ نے ایل ڈی اے کی کمرشلائزیشن فیس کی وصولی غیر قانونی قرار دیدی

جمعہ 30 جولائی 2021 13:09

لاہور ہائیکورٹ نے ایل ڈی اے کی کمرشلائزیشن فیس کی وصولی غیر قانونی ..
لاہو ر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2021ء) لاہور ہائیکورٹ نے ایل ڈی اے کی کمرشلائزیشن فیس کی وصولی غیر قانونی قرار دیدی ۔لاہور ہائیکورٹ کی جج جسٹس عائشہ اے ملک نے 2014 سے 2020 تک کمرشل فیس کیخلاف دائر کی گئیں درخواستوں پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنادیا۔جسٹس عائشہ اے ملک نے 73درخواستوں پر دسمبر میں محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔

(جاری ہے)

فیصلہ میں قرار دیا گیا ہے کہ ایل ڈی اے رولز 2020 آچکے ہیں، پہلے سے منظور شدہ کمرشل روڈز پر موجود پراپرٹی پر کمرشل اور کنوریزن فیس کی وصولی غیر قانونی ہے۔ فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ ایل ڈی اے جو فنڈز اکٹھے کرتا ہے اسے ڈکلیئر کرنے کا پابند ہوگا، ایل ڈی اے یہ بھی ظاہر کرے گا کہ یہ فنڈز کہاں کہاں خرچ کیے گئی درخواستگزاروں نے ایل ڈی اے کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں کمرشل فیس عائد کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا تھا اور اسے کالعدم قرار دینے کی استدعا کی تھی جبکہ ایل ڈی اے کے وکلا کی جانب سے ان علاقوں میں فیس وصولی کو قانونی تقاضوں کے مطابق درست ہونے پر دلائل دیئے گئے تھے۔