”بحرین کی حکومت نے وبا کے دوران پاکستانیوں کے لیے بہترین اقدامات کیے“

پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی بحرینی وزیر داخلہ سے ملاقات، ویزہ ایمنسٹی سکیم، جرمانوں میں چھوٹ اور دیگر سہولیات پر بحرینی حکومت کا شکریہ ادا کیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 30 جولائی 2021 13:42

”بحرین کی حکومت نے وبا کے دوران پاکستانیوں کے لیے بہترین اقدامات کیے“
منامہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔30جولائی2021ء ) پاکستان اور بحرین اسلامی اخوت کے رشتے میں بندھے ہیں۔ دونوں ممالک کی عالمی و علاقائی معاملات پر ایک سی رائے پائی جاتی ہے۔ بحرین میں لاکھوں پاکستانی روزگار کی غرض سے مقیم ہیں جو سالانہ کروڑوں ڈالر کا زرمبادلہ اپنے وطن بھجوا کر جہاں اہل خانہ کی کفالت کر رہے ہیں وہیں پاکستانی معیشت کی مضبوطی میں بھی اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔

پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کورونا وبا میں پاکستانی تارکین کے لیے آسانیاں پیدا کرنے میں بحرینی حکومت کے کردار کو بہت سراہا ہے۔ اُردو نیوز کے مطابق جمعرات کو بحرین کے سرکاری دورے پر دارالحکومت منامہ پہنچنے کے بعد شاہ محمود قریشی نے بحرینی وزیر داخلہ سے ملاقات کی جس دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان یکساں مذہبی، ثقافتی اور تاریخی اقدار کی بنیاد پر گہرے برادرانہ مراسم ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستانی وزیر خارجہ نے بحرین کے وزیر داخلہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’کورونا وبا کی مشکل گھڑی میں بحرین میں ویزہ ایمنسٹی سکیم، جرمانوں میں چھوٹ، ملزمان کی حوالگی اور وطن واپسی کے منتظر پاکستانیوں کی سہولت کے لیے جو اقدامات لیے گئے وہ قابلِ تعریف ہیں۔وزیر خارجہ نے کورونا وبا کے دوران بحرینی حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا جن کی بدولت بحرین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو کسی قسم تکلیف دہ صورت حال کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

بحرینی وزیر داخلہ نے بحرین کی تعمیر و ترقی میں وہاں مقیم پاکستانیوں کے مثبت کردار کی تعریف کی۔ وزیر خارجہ نے پاکستان اور بحرین کے درمیان مضبوط دفاعی و سکیورٹی تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے انہیں اقتصادی و تجارتی تعاون کے فروغ کے لیے معاونت کا باعث قرار دیا۔ بحرینی وزیر داخلہ نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان اور بحرین کے درمیان باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مشترکہ کوششیں بروئے کار لانے کا عندیہ دیا۔