چین میں کورونا کی نئی لہر نے بیجنگ سمیت پانچ صوبوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا

نانجنگ ائیرپورٹ پر وائرس پائے جانے کے بعد تمام پروازیں 11 اگست تک معطل کر دی گئیں،چینی حکام

جمعہ 30 جولائی 2021 15:07

چین میں کورونا کی نئی لہر نے بیجنگ سمیت پانچ صوبوں کو اپنی لپیٹ میں ..
بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2021ء) چین کے شہر نانجنگ میں شروع ہونے والی کووڈ 19 کی نئی لہر اب دارالحکومت بیجنگ کے علاوہ پانچ دیگر صوبوں تک پھیل گئی ہے اور چین کا سرکاری میڈیا اسے ووہان کے بعد سب سے زیادہ متعدی قرار دے رہا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق نانجنگ ائیرپورٹ پر اس طرح کا وائرس سامنے آیا تھا جس کے بعد یہ دیگرعلاقوں تک پھیل رہا ہے، نانجنگ ائیرپورٹ سے تمام پروازیں 11 اگست تک معطل کر دی گئیں۔

(جاری ہے)

چینی عہدیداروں کا خیال ہے کہ موجودہ وبا وائرس کی انتہائی متعدی ڈیلٹا قسم سے منسلک ہے اور یہ اس وجہ سے بھی پھیل گیا ہے کیونکہ اس کا سراغ ایک انتہائی مصروف ایئرپورٹ پر ملا۔ہوائی اڈے کی انتظامیہ کی سرزنش کی گئی ہے اور کمیونسٹ پارٹی کی سینئر نظم و ضبط کی ایک باڈی نے کہا کہ ایسا نگرانی کے فقدان اور غیر پیشہ ورانہ انتظام جیسے مسائل کی وجہ سے ہوا۔ٹیسٹنگ سے یہ بات سامنے آئی کہ یہ وائرس دارالحکومت بیجنگ سیمت کم از کم 13 شہروں میں پھیل چکا ہے۔