2 مزید بھارتی کرکٹر کورونا کا شکار

یزوندرا چاہل ،کے گوتھم کے ٹیسٹ مثبت آئے،اس سے قبل کرونال پانڈیا کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، 6 مزید ارکان کولمبو میں آئسولیشن میں رہیں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 30 جولائی 2021 15:48

2 مزید بھارتی کرکٹر کورونا کا شکار
کولمبو (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 30 جولائی 2021ء ) بھارتی کرکٹ ٹیم کے 2 مزید کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آ گئے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق لیگ سپنر یزوندرا چاہل اور کے گوتھم کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں، اس سے قبل آل رائونڈر کرونال پانڈیا کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے باعث دونوں ٹیموں کے مابین دوسرا ٹی ٹونٹی میچ ایک روز التوا کا شکار ہوا تھا ۔

کرونال پانڈیا، چاہل اور گوتھم کے علاوہ 6 مزید ارکان کولمبو میں آئسولیشن میں رہیں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز سری لنکا نے بھارتی کرکٹ ٹیم کا غرور خاک میں ملا دیا تھا اور ایک وقت میں 3 تگڑی بین الاقوامی ٹیمیں ہونے کے دعویدار بھارت کو سری لنکا میں شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔ کمزور ترین سری لنکن کرکٹ ٹیم نے اپنے ہوم گراوںڈ پر کھیلی جانیوالی ٹی ٹونٹی سیریز میں بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا۔

(جاری ہے)

دنیائے کرکٹ کی مضبوط ترین ٹیم ہونے کی دعویدار بھارتی ٹیم کو کمزور سری لنکن ٹیم کے ہاتھوں ٹی ٹونٹی سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ سری لنکا نے کولمبو میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی میچ میں بھارت کو باآسانی شکست دے دی۔ بھارتی پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر محظ 81 رنز بنا سکی، جواب میں سری لنکا نے مطلوبہ ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کر لیا، یوں سری لنکا نے 1-2 کی فیصلہ کن برتری سے سیریز اپنے نام کر لی۔

اس سے قبل سری لنکا نے بھارت کو دوسرے میچ میں بھی شکست سے دوچار کیا تھا۔ سری لنکا کے ہاتھوں شکست کے بعد بھارت کو دنیا بھر کے شائقین کرکٹ کے طنز اور تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کچھ روز قبل قبل بھارتی کرکٹر ہاردک پانڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ بھارت ایک وقت میں 3 ایسی بین الاقوامی کرکٹ ٹیمیں تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جو کوئی بھی عالمی ٹورنامنٹ جیت سکتی ہیں۔ تاہم اب بھارت کی بینچ اسٹرینتھ کو سری لنکا کی ٹیم نے باآسانی زیر کر کے ہاردک پانڈیا کے دعوے کو غلط ثابت کر دیا۔ یہاں واضح رہے کہ موجودہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کو 3 دہائیوں کی کمزور ترین لنکن ٹیم قرار دیا جاتا ہے، اس کے باوجود لنکن ٹیم بھارت کیخلاف سیریز میں فتح حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔