ابشر نے غیر ملکی کارکنان کے لیے شاندار آن لائن سہولت متعارف کرا دی

اب آن لائن سروس کے ذریعے کارکنان اور وزیٹرز سے متعلق معلومات حاصل کی جا سکیں گی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 30 جولائی 2021 15:50

ابشر نے غیر ملکی کارکنان کے لیے شاندار آن لائن سہولت متعارف کرا دی
ریاض (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔30جولائی2021ء ) ابشر نے غیر ملکی کارکنان کے لیے شاندار آن لائن سہولت متعارف کرا دی ہے۔ ابشر انتظامیہ نے کہا ہے کہ آن لائن سروس کے ذریعہ کارکنوں اور وزٹروں کی معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔اُردو نیوز کے مطابق یہ سہولت ابشر میں لاگ ان ہونے کے بعد تین مرحلوں میں ممکن ہوسکتی ہے۔ابشر نے اپنے ٹوئٹر اکاوٴنٹ میں کہا ہے کہ ’نئے کارکنوں اور وزٹروں کے بارے میں معلومات اور ان لوگوں کے بارے میں بھی معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں جن کے اقامے جاری نہیں ہوئے‘۔

’سروس کے ذریعہ گزشتہ تین ماہ کے دوران وزٹروں کے بارے میں بھی معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں‘۔’ابشر اکاوٴنٹ کھولیں، کارکن پر کلک کریں، معلومات پر کلک کریں اور نئے کارکن اور وزٹروں پر جائیں، یہاں آپ کو تمام معلومات فراہم ہوں گی۔

(جاری ہے)

آج کا سعودی عرب پچھلے چند سال پرانے سعودی عرب کے مقابلے میں خاصا بدلا ہوا سعودی عرب ہے۔ پہلے خواتین کو گھروں تک محدود رکھا جاتا تھا انہیں کاروبار اور ملازمت کی اجازت نہیں تھی۔

یہاں تک کہ دوسرے شہر جانے کے لیے بھی ولی کی مرضی لازمی ہوتی تھی۔ اور بیرون ملک جانے پر بھی ان پر کئی پابندیاں عائد تھیں۔ تاہم اب ان پر سے بہت سی پابندیاں ہٹا لی گئی ہیں۔ آن لائن پلیٹ فارم ابشر کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ اگر کوئی شادی شدہ سعودی خاتون بیرون ملک سفر کرنا چاہتی ہے تو وہ خاوند کی مرضی کے بغیر بھی ایسا کر سکتی ہے، اس کے لیے اسے ابشر سے اجازت نامے کے اجراء کروانے کی ضرورت نہیں ہو گی۔

اجازت نامے کی ضرورت صرف ان سعودی مسافروں کو ہوتی ہے جن کی عمر 21 سال سے کم ہوتی ہے۔ 21 سال اور اس سے زائد عمر کے بالغ افراد بغیر اجازت نامے کے بیرون ملک سفر کر سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ ابشر پلیٹ فارم ایک آن لائن سہولت ہے جہاں پرسعودی شہریوں اور مقیم تارکین کو 2 سو سے زائد خدمات فراہم کی جا رہی ہیں، جن میں محکمہ پاسپورٹ، محکمہ احوال مدنیہ(میونسپلٹی)، محکمہ جیل خانہ جات، محکمہ ٹریفک، محکمہ اسلحہ سمیت متعدد ادارے و محکمے شامل ہیں۔

ابشر پلیٹ فارم کی جانب سے مملکت میں مقیم تمام افراد کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ انہوں نے اپنے ابشر اکاؤنٹ میں جو موبائل نمبر درج کرایا ہے، وہ بس اپنے اکاؤنٹ تک ہی محدود رکھیں۔ کسی جاننے والے یا ساتھی کارکن کا ابشر اکاؤنٹ بنانے کے دوران اس موبائل نمبر کا استعمال نہ کیا جائے ، ورنہ بڑی مشکل میں پھنس سکتے ہیں۔ ابشر پلیٹ فارم کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اکاؤنٹ میں رجسٹرڈ اور موثر موبائل نمبر کو جو لوگ کسی اور کے اکاؤنٹ کی رجسٹریشن کے لیے بھی استعمال کریں گے، وہ بڑی مشکل میں گرفتار ہو سکتے ہیں۔

اس خلاف ورزی میں ملوث فرد کا اکاؤنٹ فوری طور پر معطل ہو جائے گا۔ جسے دوبارہ فعال کرانے کے لیے آٹومیٹک سروس مشین کے ذریعے موبائل نمبر اپ ڈیٹ کرانا ہو گا۔ اس وقت ابشر پلیٹ فارم کے رجسٹرڈ صارفین کی تعداد 1 کروڑ 70 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے۔