یو اے ای میں کورونا کیسز کے حوالے سے بڑی خوش خبری آ گئی

اماراتی طبی ماہرین کے مطابق عید الاضحٰی کے بعد کورونا کیسز میں 25 فیصد کمی ہو گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 30 جولائی 2021 16:16

یو اے ای میں کورونا کیسز کے حوالے سے بڑی خوش خبری آ گئی
دُبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔30جولائی2021ء ) متحدہ عرب امارات میں مقیم افراد کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ جون کے مقابلے میں رواں جولائی کے مہینے میں کورونا کیسز کی یومیہ شرح میں 25 فیصد کمی ہو گئی ہے۔ جس کی بڑی وجہ لوگوں میں آگاہی کی مہم، لاکھوں افراد کو ویکسین لگانا، اور پی سی آر سکریننگ کا عمل تیز تر بنانا ہے۔ جون کے مہینے یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ امارات میں کورونا کیسز کی شرح میں خوفناک حد تک اضافہ ہو سکتا ہے۔

تاہم حکومت کی بہترین پالیسی اور لوگوں کے تعاون کی وجہ سے اس خدشے کو ٹالنے میں بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔جون کے مہینے میں یومیہ کیسز کی شرح 2 ہزار تک پہنچ چکی تھی تاہم اب یہ یومیہ کیسز 15سو کے لگ بھگ ہیں۔ عید الاضحی کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد چوتھے روز یعنی بْدھ کو 1,527 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

العین کے این ایم سی سپیشئلٹی ہاسپٹل کے سپیشلسٹ مائیکرو بائیولوجسٹ اور انفیکشن کنٹرول کے چیئرمین ڈاکٹر سومانسو باسو کا کہنا ہے کہ سخت کورونا پروٹوکولز کی وجہ سے ان کیسز میں کمی واقع ہوئی ہے۔

ہیلتھ اتھارٹیز اور لوگوں کی جانب سے مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں اس وبا کو قابو کرنے میں بڑی مدد ملی ہے۔ اس کے علاوہ جس اچھے انداز میں ویکسی نیشن پروگرام چلایا گیا اور ویکسینز کی مختلف اقسام کی خوراکیں لگائی گئیں اس سے بھی کورونا کیسز میں کمی ہوئی ہے اور اس وائرس کی شدت کو بھی قابو کیا گیا ہے۔دْبئی کے میڈیور ہسپتال کے سپیشلسٹ انٹرنل میڈیسن ڈاکٹر پونو سامی تامل ویندن کا کہنا ہے کہ اتھارٹیز کی جانب سے ایک لچک دار حکمت عملی اپنائی گئی تاکہ کورونا وبا سے متعلق پیدا ہونے والی نت نئی صورت حال پر قابو پانے میں مدد ملے اور امارات اس وبا سے نجات کی راہ پر گامزن ہو سکے۔

اسی وجہ سے جون کے بعد سے کیسز میں کمی آ رہی ہے۔ لوگوں سے کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کروایا جا رہا ہے اور لوگ اپنی مرضی سے بھی عمل کر رہے ہیں۔ کیونکہ انہیں پتا ہے کہ احتیاط میں ہی ان کی اور ان کے پیاروں کی زندگی کی ضمانت ہے۔ ویکسی نیشن کی رفتار تیز ہونے سے بھی اب کم کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔