Google.orgکا پاکستان اور دیگر پانچ ایشیائی ممالک کے لیے کووڈ19- ریلیف کی کوششوں کے لیے7.5 ملین امریکی ڈالرز کا اعلان

پاکستان سمیت دیگر ایسے جنوبی ایشیا ئی ممالک جو اِس وقت کووِڈ19- (COVID-19)کے کیسوں میں اضافے کی زد میں ہیں، گوگل نے کل 7.5ملین امریکی ڈالرز کی نئی گرانٹ فنڈنگ اور دیگر اقسام کی معاونت کا اعلان کیا ہے تاکہ وبا کا موجودہ بحران ختم کیا جا سکے

جمعہ 30 جولائی 2021 16:46

Google.orgکا پاکستان اور دیگر پانچ ایشیائی ممالک کے لیے کووڈ19- ریلیف کی ..
پاکستان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 جولائی2021ء) پاکستان سمیت دیگر ایسے جنوبی ایشیا ئی ممالک جو اِس وقت کووِڈ19- (COVID-19)کے کیسوں میں اضافے کی زد میں ہیں، گوگل نے کل 7.5ملین امریکی ڈالرز کی نئی گرانٹ فنڈنگ اور دیگر اقسام کی معاونت کا اعلان کیا ہے تاکہ وبا کا موجودہ بحران ختم کیا جا سکے۔
اپنے اس نئے عزم کے جزو کے طور پر ، گوگل کا انسان دوست ادارہ Google.org یونیسف (UNICEF) کو بھی 1.5ملین امریکی ڈالرز کی گرانٹ فراہم کرے گا تاکہ پاکستان، تھائی لینڈ، ملائیشیا، ویتنام اور فلپائن سمیت پانچ ممالک میں کووِڈ19-کے لیے درکار فوری جوابی معاونت فراہم کی جاسکے۔

اس گرانٹ کے ذریعے ،یونیسیف کووڈ ویکسی نیشن سینٹرز میں خواتین ویکسینیٹرزتعینات کرے گا تاکہ پاکستان میں ویکسین لگانے والی خواتین کی تعداد میں اضافہ کیا جا سکے اور ویکسین کمیونیکیشن کو فروغ دیا جاسکے ۔

(جاری ہے)

یونیسیف، وائرس کے پھیلاوٴکو روکنے اور مستقبل میں آنے والی کووِڈ19- کی نئی لہروں سے ہونے والی ممکنہ اموات میں کمی کی غرض سے حکومتوں اور کمیونٹیز کی مدد بھی جاری رکھے گا۔


اِن نئے وعدوں کا اعلان کرتے ہوئے گوگل کے کنٹری ڈائریکٹر برائے پاکستان، فرحان قریشی نے کہا:” کووِڈ19- کے کیسوں میں حالیہ اضافہ ہمارے ہیلتھ کیئر سسٹم پر غیر معمولی دباوٴکا باعث بن رہا ہے اور Google.org کی جانب سے یونیسیف کے لیے اِس گرانٹ کا مقصد ،ایسے نازک وقت میں، پاکستان کے لیے ہماری اعانت میں مزید اضافہ کرنا ہے۔ ہم معلومات کی بروقت فراہمی اور تمام ٹولز کی فراہمی یقینی بنانے پر اپنی توجہ مرکوز رکھیں گے تاکہ تمام پاکستانی باخبر رہیں، مربوط رہیں اور ،اس بحران میں، محفوظ رہیں۔


مشرقی ایشیا اور بحرالکاہل کے لیے یونیسیف کی ریجنل ڈائریکٹر، کیرن ہلشوف نے کہا:”ہم Google.org کی جانب سے یونیسیف کے لیے امداد کی فراہمی پر شکرگزار ہیں کیوں کہ ہم ٹارگٹ آبادی کی کووڈ19- کی ویکسین تک منصفانہ رسائی اور خدمات تک فراہمی کی صورت میں عالمی وبا کے خلاف انتھک کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں اورجس میں سب سے زیادہ توجہ کمزور طبقوں پر ہے۔

”کیرن نے مزید کہا:”صرف ایک حقیقی عالمی رد عمل ہی ہر بچے اور اْن کمیونٹیز کے مستقبل کو محفوظ اور مامون بنا سکتا ہے جہاں ہم رہتے ہیں۔ ہم اپنے پارٹنرز کے ساتھ کام کرتے رہیں گے اوراْن کی مہارتوں ، جدید سولوشنز اور لچکدار فنڈنگ سے فائدہ اٹھاتے رہیں گے تاکہ خطے میں اور اِس کے باہر بھی وبا کے اثرات کم سے کم کرنے میں مدد فراہم کر سکیں۔“
یونیسف کے لیے اس گرانٹ کے علاوہ، Google.org انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس اینڈ ریڈ کریسنٹ سوسائٹیز (IFRC) کو بھی 1.0 ملین امریکی ڈالرز کی اضافی امداد فراہم کررہا ہے تاکہ انڈونیشیا میں آکسیجن اور طبی آلات کی فوری فراہمی ممکن ہو سکے۔

اس کے علاوہ،Google.org، پاکستان سمیت، پورے جنوبی مشرقی ایشیامیں مقامی سرکاری اداروں اور تنظیموں کو بھی5.0ملین امریکی ڈالرز کی اَیڈ گرانٹس دے رہا ہے تاکہ وہ عوامی صحت کے بارے میں معلوماتی کیمپینز مفت چلا سکیں۔ گزشتہ برس سے اب تک، گوگل نے عالمی ادارہ ٴ صحت سمیت مقامی حکومتوں کو 27 ملین امریکی ڈالرز سے زیادہ کی اَیڈ گرانٹس فراہم کی ہیں جو 343ملین پبلک سروس اعلانات (PSAs) اعلانات چلا چکے ہیں تاکہ سامعین تک یہ پیغامات پہنچائے جا سکیں کہ ویکیسن کے بارے میں حقائق کی فراہمی کے علاوہ یہ پیغام کہ وہ کس طرح محفوظ رہ سکتے ہیں۔


وبا کے آغاز سے اب تک، Google.org نے ویکسین الائنس، Gavi،کے ذریعے ایشیا اور پوری دنیا میں ویکسین کی تقسیم کے لیے فنڈز فراہم کیے ہیں۔ گوگل اپنی توجہ اِس بات کو یقینی بنانے پر مرکوز کیے ہوئے ہے کہ وہ اپنے ٹولز اور پروڈکٹس کے ذریعے پاکستان میں ہر شخص تک معلومات پہنچا سکے۔ اِس سے قبل ،مثال کے طور پر ،گوگل نے کووِڈ19-کے پھیلاوٴسے محفوظ رہنے کے لیے اہم معلومات اور دیگر اقدامات کے بارے میں مقامی کمیونٹیز کی مدد کی غرض سے حکومت پاکستان کو اَیڈ گرانٹس دی تھیں۔

گوگل نے سرچ، میپس اور یو ٹیوب کے ذریعے اردو اور انگریزی زبانوں میں صحت کے پاکستانی حکام سے حاصل ہونے والے تازہ ترین اپ ڈیٹس اور ہیلتھ ایڈوائس بھی فراہم کیں تھیں۔اِس کے علاوہ سنہ 2020ء اور 2021ء کے رمضان میں کمپنی نے نماز تراویح کے لیے پی ٹی وی کی لائیو اسٹریم یو ٹیوب پر نشر کی اور اِس طرح اہم دینی ایونٹ کی انجام دہی میں اضافی پبلک ہیلتھ اور تحفظ کے اقدامات کے ساتھ مدد کی۔