بھارتی سپریم کورٹ پیگاسس جاسوسی اسکینڈل کی آئندہ ہفتے سماعت کریگی

جمعہ 30 جولائی 2021 17:14

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2021ء) بھارتی سپریم کورٹ اسرائیلی سافٹ ویر پیگاسس سپائی ویئر کے ذریعے جاسوسی کی تحقیقات کیلئے سینئر صحافیوں این رام اور سشی کمار کی طرف سے دائر کی گئی درخواستوں کی سماعت آئندہ ہفتے کریگی۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سینئر ایڈووکیٹ کپل سبل نے چیف جسٹس این وی رمنا اور جسٹس سوریا کانت پر مشتمل سپریم کورٹ کے ایک بینچ میں جاسوسی کے معاملہ کی تحقیقات کیلئے سینئر صحافیوںکی طرف سے دائر کی گئی درخواستو ںکا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہاکہ شہریوں ، سیاست دانوں ، حزب اختلا ف کی جماعتوں کے ارکان ، صحافیوں اور عدالتی عملے کی شہری آزادیوںکی جاسوسی کی جارہی ہے ۔

انہوںنے کہاکہ یہ ایک اہم معاملہ ہے جس کی سپریم کورٹ کو فوری سماعت کرنی چاہیے ۔

(جاری ہے)

کپل سبل کی استدعا پر سپریم کورٹ کے بینچ نے آئندہ ہفتے اس معاملے کی سماعت پر اتفاق کیا۔ سپریم کورٹ میں دائر درخواستوں میں پیگاسس جاسوسی اسکینڈل کی غیر جانبدارانہ تحقیقات سپریم کورٹ کے حاضر یا ریٹائرڈ جج سے کرانے کی استدعا کی گئی ہے ۔ سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی اسپائی ویئر کا استعمال کرتے ہوئے لوگوںکی بڑے پیمانے پرجاسوسی کی گئی اور ان کے فون ہیک کئے گئے جو کہ متعد د بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے اور ملک کے جمہوری نظام کے اہم ستونوں سے متعلق آزاد اداروں میں مداخلت ، ان پر حملہ اور ان کو غیر مستحکم کرنے کی ایک سازش ہے ۔

درخواست گزاروں نے عدالت عظمیٰ سے اپیل کی ہے کہ وہ مودی حکومت سے باز پرس کرے کہ آیا اسکی کسی ایجنسی نے جاسوسی کے اسرائیلی سافٹ ویئر کو بلواسطہ یا بلا واسطہ طورپر استعمال کیا ہے یا نہیں۔