سپیکر ڈٹ گئے، نذیر چوہان کے پروڈکشن آرڈر پر عمل نہ ہونے پر پنجاب اسمبلی کا اجلاس دوسرے رو زبھی بغیر کارروائی ملتوی

اپوزیشن کی جانب سے سپیکر پرویز الٰہی سے اظہار یکجہتی کیلئے ڈیسک بجائے گئے ، حکومت کے خلاف شیم شیم کے نعرے

جمعہ 30 جولائی 2021 17:52

سپیکر ڈٹ گئے، نذیر چوہان کے پروڈکشن آرڈر پر عمل نہ ہونے پر پنجاب اسمبلی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2021ء) سپیکر چوہدری پرویز الٰہی نے رکن اسمبلی نذیر چوہان کے پروڈکشن آرڈ رپر عملدرآمد نہ ہونے پر مسلسل دوسرے روز بھی پنجاب اسمبلی کا اجلاس بغیر کسی کارروائی کے ملتوی کر دیا ، اپوزیشن بنچوں کی جانب سے سپیکر سے اظہار یکجہتی کے لئے ڈیسک بجائے گئے اور چیئر کے احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے پر حکومت کے خلاف شیم شیم کے نعرے لگائے گئے ۔

پنجاب اسمبلی کا اجلاس گزشتہ روز بھی مقررہ وقت کی بجائی2گھنٹے 15منٹ کی تاخیر سے سپیکر چوہدری پرویز الٰہی کی صدارت میں شروع ہوا۔ تلاوت کلام پاک اور نعت رسول کے بعد سپیکر چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ لگتا ہے کہ ابھی تک نذیر چوہان کے پروڈکشن آرڈر پر عمل نہیں ہوا ، سپیکر نے وزیر قانون راجہ بشارت کو مخاطب کرتے ہو ئے کہا کہ کیوں ایسا ہی ہی ۔

(جاری ہے)

سپیکر چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ جب تک نذیر چوہان کے پروڈکشن آرڈر پر عملدرآمد نہیں ہوتا قانون سازی بھی نہیں ہو گی ۔ سپیکر چوہدری پرویز الٰہی نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس بغیر کسی کارروائی کے پیر کی دوپہر دو بجے تک کیلئے ملتوی کرنے کا اعلان کیا تو اپوزیشن بنچوں سے سپیکر سے اظہار یکجہتی کے لئے ڈیسک بجائے گئے اور نذیر چوہان کے پروڈکشن آرڈر پر عملدرآمد نہ ہونے پر حکومت کے خلاف شیم شیم کے نعرے لگائے گئے ۔گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں زکوة و عشر کے محکمہ کے سوالات کے جوابات دئیے جانے تھے جبکہ پرونشل موٹر وہیکل (ترمیمی)بل2021ایوان میں متعارف کرانا جانا تھا۔