وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزداروہاڑی کے نواحی گاؤں کی رہائشی کینسر کے مرض میں مبتلا طالبہ فریدہ کی آواز بن گئے

وزیراعلیٰ کی ہدایت پر طالبہ فریدہ ڈی ایچ کیو وہاڑی داخل ، علاج معالجے کیلئے فی الفور میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم

جمعہ 30 جولائی 2021 18:44

وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزداروہاڑی کے نواحی گاؤں کی رہائشی کینسر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2021ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزداروہاڑی کے نواحی گاؤں کی رہائشی کینسر کے مرض میں مبتلا طالبہ فریدہ کی آواز بن گئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے طالبہ فریدہ کی بیماری سے متعلق92 نیوز چینل پر نشر ہونے والی خبر کانوٹس لیتے ہوئے آنکھ کے کینسر میں مبتلا طالبہ فریدہ کے علاج معالجے کیلئے ہدایات جاری کردی ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے بچی فریدہ کے علاج معالجے کیلئے فی الفور میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ پنجاب حکومت بچی فریدہ کے علاج کے اخراجات اٹھائے گی اور میڈیکل بورڈ کی سفارشات کی روشنی میں بچی کا علاج جہاں بھی ممکن ہوا کرایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارکی ہدایت پر بچی کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال وہاڑی داخل کرادیاگیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بچی فریدہ کی جلد صحت یابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طالبہ فریدہ قوم کی بیٹی ہے اوراس بچی کا علاج کرانا ریاست کی ذمہ داری ہے اور حکومت اپنی یہ ذمہ داری بطریق احسن ادا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ طالبہ فریدہ کے خاندان کی دیکھ بھال بھی کی جائے گی۔