ڈی جی ایم ڈی اے آغا محمد علی عباس اور ایڈیشنل ایس پی کینٹ ڈویژن ملتان کامران عامر خان کو عہدوں سے ہٹا دیا

افسران عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں ،کام نہ کرنے والے افسران اپنا قبلہ درست کرلیں‘وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار

جمعہ 30 جولائی 2021 18:44

ڈی جی ایم ڈی اے آغا محمد علی عباس اور ایڈیشنل ایس پی کینٹ ڈویژن ملتان ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2021ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے دورہ ملتان کے دوران فرائض سے غفلت برتنے اور عوام کی شکایات پر 2 افسروں کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے انہیں عہدوں سے ہٹا دیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر فرائض سے غفلت برتنے اور عوامی شکایات پر ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل آغا محمد علی عباس کوعہدے سے ہٹا دیا گیا اور سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

کمشنر ملتان ڈویژن جاوید اختر محمود کو ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔ اسی طرح ایڈیشنل ایس پی کینٹ ڈویژن ملتان کامران عامر خان کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے اور سی پی او آفس رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کام نہ کرنے والے افسروں کے لئے پنجاب میں کوئی جگہ نہیں۔

سرکاری فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی قطعاً برداشت نہیں کروں گا۔ عوام کے مسائل میں غفلت پر کسی سے کوئی رعایت نہیں ہو گی۔ ملتان کے دورہ کے دوران فرائض سے غفلت اور عوامی شکایات پر فوری ایکشن لیا۔ انہوں نے کہا کہ افسران عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔ عوام کی خدمت کرنے والے افسران کی بھرپور حوصلہ افزائی کریں گے۔کام نہ کرنے والے افسران اپنا قبلہ درست کرلیں۔