وزیراعظم سے سعودی سفیر نواف بن سعید احمدالمالکی کی ملاقات ، مڈل ایسٹ گرین انیشی ایٹو میں شرکت کی دعوت دی

جمعہ 30 جولائی 2021 22:32

وزیراعظم سے سعودی سفیر نواف بن سعید احمدالمالکی کی ملاقات ، مڈل ایسٹ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2021ء) وزیراعظم عمران خان سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمدالمالکی نے ملاقات کی۔ جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران سعودی سفیر نے وزیراعظم عمران خان کو ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے اکتوبر 2021 میں سعودی عرب کی میزبانی میں مڈل ایسٹ گرین ا نیشی ایٹو کے موضوع پر ہونے والے سربراہ اجلاس میں شرکت کیلئے باضابطہ دعوت دی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سعودی ولی عہد کی جانب سے مڈل ایسٹ گرین انیشی ایٹو کا اعلان رواں سال کے آغاز میں کیاگیا تھا ، جو وزیراعظم پاکستان کے کلین و گرین پاکستان اور 10 ارب سونامی ٹری منصوبے سے مطابقت رکھتا ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب ماحولیات میں تبدیلی سے متعلق اپنی حکمت عملی میں ہم آہنگی پیدا کرنے کے لئے بھی ایک دوسرے سے قریبی تعاون کررہے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان کو اس سربراہ اجلاس میں دی جانے والی دعوت ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لئے پاکستان کے قائدانہ کردار کا اعتراف ہے۔