شاہد خاقان عباسی نے پارٹی صدر شہبازشریف کے استعفے کی تردید کردی

پارٹی کے اندر کوئی اختلاف نہیں ہے اور نہ ہی شہبازشریف استعفا دے رہے ہیں،مسلم لیگ ن مکمل طور پرمتحد ہے۔سینئرنائب صدر مسلم لیگ ن کا بیان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 30 جولائی 2021 21:24

شاہد خاقان عباسی نے پارٹی صدر شہبازشریف کے استعفے کی تردید کردی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 جولائی2021ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے پارٹی صدر شہبازشریف کے استعفے کی تردید کردی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے اندر کوئی اختلاف نہیں ہے اور نہ ہی شہبازشریف استعفا دے رہے ہیں،مسلم لیگ ن مکمل طور پرمتحد ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ذرائع کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ آزاد کشمیر انتخابات میں پارٹی صدر کی بنائی ہوئی حکمت عملی نظر انداز کرنے پر شہباز شریف شدید ناراض ہیں، شہبازشریف نے آزاد کشمیر الیکشن میں شکست پر پارٹی عہدے سے مستعفی ہونے کی دھمکی بھی دی۔

لیکن فی الحال معاملے کو ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز نے سنبھالا اور شہبازشریف خاموش رہنے کی درخواست کی اور سارا معاملہ پارٹی قائد نوازشریف کے سامنے اٹھانے کی یقین دہانی کرائی، جس پر شہبازشریف خاموش ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ بھی کہا جارہا ہے کہ آزاد کشمیر انتخابات میں شکست کے بعد اب مریم نواز ایک سال تک سیاسی بیان بازی نہیں کریں گے۔ لیکن اس پر شاہد خاقان عباسی نے پارٹی صدر شہباز شریف کے استعفے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے اندر کوئی اختلاف نہیں ہے اور نہ ہی شہباز شریف استعفا دے رہے ہیں، مسلم لیگ ن مکمل طور پرمتحد ہے۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء محمد زبیر نے ن لیگ میں دو بیانیوں کی کنفیوژن کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کو دیوار میں چن دیا گیا ہے، ایسے ماحول میں پارٹی میں اختلاف ہونا فطری ہے کہ کون سا بیانیہ لے کر چلا جائے۔ انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اعتراف کرتا ہوں کہ پارٹی میں بیانیئے سے متعلق کنفیوژن ہے جس کے باعث لوگوں کے سامنے درست بیانیہ نہیں آسکتا۔