Live Updates

پٹرول قیمت میں1.71 روپے مزید اضافہ عوام کے ساتھ ظلم، ناانصافی ہے، شہبازشریف

پہلے ہی ملک میں مہنگائی کا دیو عوام کا خون پی رہا ہے، اب عوام کو نوالے نوالے کیلئے مجبور کیا جارہا ہے، حکومت عوام سے جینے کا حق چھیننا بند کرے اور ظالمانہ اقدام کو واپس لے۔ صدر ن لیگ اور قائد حزب اختلاف کا شدید ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 30 جولائی 2021 21:48

پٹرول قیمت میں1.71 روپے مزید اضافہ عوام کے ساتھ ظلم، ناانصافی ہے، شہبازشریف
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 جولائی2021ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمت میں1 روپیہ 71 پیسے مزید اضافہ عوام کے ساتھ ظلم اور ناانصافی ہے، پہلے ہی ملک میں مہنگائی کا دیو عوام کا خون پی رہا ہے، اب عوام کو نوالے نوالے کیلئے مجبور کیا جارہا ہے، حکومت عوام سے جینے کا حق چھیننا بند کرے اور ظالمانہ اقدام کو واپس لے۔

انہوں نے پٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر اپنے شدید ردعمل میں کہا کہ پٹرول کی قیمت میں 1 روپیہ 71 پیسے مزید اضافہ عوام کے ساتھ ظلم، زیادتی اور ناانصافی ہے۔ پہلے ہی ملک میں مہنگائی کا دیو عوام کا خون پی رہا ہے۔ بےروزگاری کا سونامی ہے اور اب عوام کو نوالے نوالے کے لئے مجبور کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

بجٹ پیش ہونے کے بعد مسلسل پٹرول، بجلی، خوراک اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کا ظلم اسی رفتار سے جاری رہا تو پورے معاشرے کو غربت اور بےچینی کی آگ کھا جائے گی۔ حکومت عوام سے زندہ رہنے کا حق چھین رہی ہے۔ یہ ظالمانہ اقدام واپس لیا جائے۔واضح رہے حکومت نے ایک روز قبل ہی یکم اگست سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان کردیا، معاون خصوصی شہباز گل نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں اعلان کیا کہ اوگرا کی سفارش پر  پٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 1.71 روپے کا اضافہ کیا جا رہا ہے، جبکہ ڈیزل کی قیمتوں میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا جا رہا۔

ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے عام آدمی اور کسان زیادہ متاثر ہوتا ہے اس لئے ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کر دی گئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق یکم اگست سے ہو گا۔ شہباز گل نے پٹرول کی قیمت میں اضافے پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ 26 جولائی کے ڈیٹا کے مطابق دنیا میں 27 ممالک میں پٹرول کی قیمت پاکستان سے کم اور 140 ممالک میں پاکستان سے زیادہ ہے۔

دنیا میں پٹرول کی اوسط قیمت 1.19 ڈالر فی لٹر لیکن پاکستان میں پٹرول کی قیمت 0.72 ڈالر فی لیٹر ہے۔ دنیا میں پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ 47 فیصد ہوا لیکن پاکستان میں 11فیصد ہوا۔ شہباز گل نے کہا کہ یاد رہے کہ جن 27 ممالک میں قیمتیں پاکستان سے کم ہے ان میں سے زیادہ تر ممالک اپنی پٹرولیم مصنوعات میں خود کفیل ہیں- اس وقت پٹرولیم پراڈکٹس پر حکومت پاکستان تقریباً صفر کے قریب ٹیکس وصول کر رہی ہے۔ کرونا کی وجہ سے پوری دنیا مہنگائی کی زد میں ہیں۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات