پنجاب بھر میں 2 اگست سے کالجز اور یونیورسٹیوں کو کھولنے کا اعلان

اعلیٰ تعلیمی اداروں کو ایچ ای سی کی کورونا پالیسی کے تحت کھولا جائے گا، تعلیمی ادارے 100 فیصد کورونا ویکسی نیشن یقینی بنانے کے پاپند ہوں گے، ایچ ای سی کا نوٹیفکیشن جاری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 30 جولائی 2021 22:09

پنجاب بھر میں 2 اگست سے کالجز اور یونیورسٹیوں کو کھولنے کا اعلان
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 جولائی2021ء) ہائرایجوکیشن کمیشن نے پنجاب بھر میں 2 اگست سے کالجز اور یونیورسٹیوں کو کھولنے کا اعلان کردیا، اعلیٰ تعلیمی اداروں کو ایچ ای سی کی کورونا پالیسی کے تحت کھولا جائے گا، تعلیمی ادارے 100 فیصد کورونا ویکسی نیشن یقینی بنانے کے پاپند ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق ہائر ایجوکیشن کمیشن نے دو اگست سے پنجاب بھر میں کالجز اور یونیورسٹیوں کو تدریسی سرگرمیوں کیلئے کھولنے کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے، نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں کو ایچ ای سی کی کورونا پالیسی کے تحت کھولا جائے گا۔

یونیورسٹیوں وائس چانسلرز اور کالجز کے پرنسپلز تعلیمی اداروں میں ایس اوپیز پر عملدرآمد کرانے کے پاپند ہوں گے، اسی طرح تعلیمی ادارے 100 فیصد کورونا ویکسی نیشن یقینی بنانے کے بھی پاپند ہوں گے، جن تعلیمی اداروں نے اساتذہ و ملازمین کی کی ویکسی نیشن مکمل نہ کی، ان تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

یاد رہے گزشتہ روز محکمہ تعلیم پنجاب نے 2 اگست سے سکول کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، وزیرتعلیم پنجاب مراد راس کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے تحت 2 اگست سے سرکاری و نجی سکولوں میں ایک دن میں 50 فیصد حاضری کے ساتھ طلباء آسکیں گے۔

بوائزکے سرکاری سکولوں کے اوقات کارصبح ساڑھے 7 سے ساڑھے 12 بجے تک ہوں گے جبکہ گرلز سکولوں کے اوقات کارصبح پونے 8 بجے سے پونے ایک بجے تک ہوں گے۔ انصاف آفٹرنون سکولوں کی ٹائمنگ شامل 3 بجے سے 5 بجے تک ہوگی۔ وزیرتعلیم پنجاب مراد راس نے کہا کہ سکولوں میں کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمد یقینی بنانا لازمی ہوگا۔ اس کے برعکس وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی پریس کانفرنس میں سندھ بھر میں 9روز کیلئے لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا ہے، انہوں نے کہا کہ صوبے میں یکم اگست سے 8 اگست تک لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، سندھ میں مکمل لاک ڈاؤن کی بجائے مخصوص شعبوں کوبند کیا جائےگا، لاک ڈاؤن میں ریٹیل کے تمام کاروبار اور انٹرسٹی ٹرانسپورٹ پر پابندی ہوگی، میڈیکل اسٹورز، کریانہ، سبزی گوشت، دودھ کی دکانیں شام 6 بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی۔

آئندہ ہفتے سے سرکاری دفاتر بھی بند کردیے جائیں گے، ویکسین نہ لگوانے ملازمین کو31اگست کے بعد تنخواہیں نہیں ملیں گی۔ اسی طرح سندھ بھر میں لاک ڈاؤن کے باعث تمام امتحانات بھی ملتوی کردیے گئے ہیں، اگلے ہفتے سے امتحانات نہیں ہوں گے، امتحانات کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔