کسی صوبہ کو انفرادی فیصلے کی اجازت نہیں ،سندھ میں مکمل طور پر لاک ڈان کی اجازت قطعی طور پر نہیں دی جائیگی ،چوہدری فواد حسین

این سی او سی کی ہدایت کے بغیر اقدامات نہیں کرنا چاہئیں، سندھ نے ایس او پیز پر عمل کیا ہوتا تو آج کراچی میں صورتحال سنگین نہ ہوتی،وفاقی وزیر اطلاعات

جمعہ 30 جولائی 2021 23:42

کسی صوبہ کو انفرادی فیصلے کی اجازت نہیں ،سندھ میں مکمل طور پر لاک ڈان ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2021ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ کسی صوبہ کو انفرادی فیصلے کی اجازت نہیں ، سندھ میں مکمل طور پر لاک ڈان کی اجازت قطعی طور پر نہیں دی جائیگی ،این سی او سی کی ہدایت کے بغیر اقدامات نہیں کرنا چاہئیں، سندھ نے ایس او پیز پر عمل کیا ہوتا تو آج کراچی میں صورتحال سنگین نہ ہوتی۔

وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے سندھ حکومت کی جانب سے مکمل لاک ڈان کے نفاذ پر اپنے بیان میں کہا کہ مکمل لاک ڈائون کے حوالے سے وفاقی حکومت کی پالیسی واضح ہے، سپریم کورٹ بھی قرار دے چکی ہے کہ صوبے اس ضمن میں انفرادی فیصلہ نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہاکہ مکمل لاک ڈائون کا کوئی آپشن کسی صوبے کو دستیاب نہیں، کووڈ کے حوالے سے پالیسی وفاق اور این سی او سی جاری کرتے ہیں اور صوبے اس پر عمل درآمد کے پابند ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر اطلاعات نے کہاکہ پاکستان نے کورونا کا بھرپور طریقے سے مقابلہ کیا ہے، اب تک ہم انسانی جانیں بچانے میں بھی کامیاب ہوئے اور ملکی معیشت بھی اپنے پاں پر کھڑی ہو رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ مکمل لاک ڈائون کے بارے میں وزیراعظم کا موقف ہے کہ اس سے مزدور، دیہاڑی دار اور یومیہ اجرت پر کام کرنے والے طبقات شدید متاثر ہوتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اگر سندھ نے ایس او پیز پر عمل کیا ہوتا تو آج کراچی میں صورتحال سنگین نہ ہوتی۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ سندھ کو وفاق کا یہ پیغام واضح طور پر دیا گیا ہے کہ انفرادی فیصلے نہیں کئے جا سکتے، این سی او سی کی گائیڈ لائنز پر عمل درآمد کیا جانا ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان آرٹیکل 151 کے تحت ایک سنگل مارکیٹ ہے، کراچی کی بندرگاہ پاکستان کی معیشت کی شہ رگ ہے اور ایسا اقدام اٹھانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی جس سے پاکستان کی معاشی شہ رگ متاثر ہو۔انہوں نے کہاکہ سندھ میں مکمل طور پر لاک ڈان کی اجازت قطعی طور پر نہیں دی جائے گی۔