سندھ ہائیکورٹ میں جبری ویکسی نیشن کیخلاف درخواست پر وکیل کو جرمانہ عائد

مقامی ایڈوکیٹ کا موبائل سم اورسوشل آئی ڈیز بند کرنے کے حکومتی اعلان پرسندھ ہائیکورٹ سے رجوع، عدالت نے درخواست مسترد کرکے 25 ہزار جرمانہ کردیا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 30 جولائی 2021 22:42

سندھ ہائیکورٹ میں جبری ویکسی نیشن کیخلاف درخواست پر وکیل کو جرمانہ ..
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 جولائی2021ء) سندھ ہائیکورٹ نے جبری ویکسی نیشن کیخلاف درخواست پر وکیل کو جرمانہ عائد کردیا، مقامی ایڈوکیٹ سہیل حمید نے موبائل سم اور سوشل آئی ڈیز بند کرنے کے حکومتی اعلان پرسندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا، عدالت نے کہا کہ کورونا مریض چلتا پھرتا بم ہے، حکومت نے سم بند کرنے کا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں، درخواست مسترد کرکے 25 ہزار جرمانہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق مقامی ایڈوکیٹ سہیل حمید نے ویکسینیشن نہ کرانے والوں کی موبائل سِم اور سوشل آئی ڈی بند کرنے کے حکومتی اعلان پر عدالت سے رجوع کیا، وکیل نے درخواست میں مئوقف اختیار کیا کہ ویکسین لگوانا عوام کی صوابدید ہے، حکومت عوام پر جبری طور پر فیصلے لاگو نہیں کرسکتی، کسی فرد کو بھی قانون سازی کے بغیر ویکسین لگوانے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا، عدالت سے استدعا ہے کہ حکومت کو شہریوں کی موبائل سمیں بند کرنے سے روکا جائے۔

(جاری ہے)

جس پر سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس شفیع صدیقی نے کہا کہ کورونا وائرس کا شکار شخص چلتا پھرتا بم ہے، کورونا وائرس کا شکار اپنے ساتھ مزید 200 افراد کو متاثر کرسکتا ہے، حکومت کو تمام لوگوں کی فکر ہے، اسی طرح حکومت نے اس حوالے سے باقاعدہ کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا۔ عدالت نے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا اور درخواستگزار وکیل پر 25 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کردیا۔

واضح رہے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی پریس کانفرنس میں سندھ بھر میں 9روز کیلئے لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا ہے، انہوں نے کہا کہ صوبے میں یکم اگست سے 8 اگست تک لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، سندھ میں مکمل لاک ڈاؤن کی بجائے مخصوص شعبوں کوبند کیا جائےگا، لاک ڈاؤن میں ریٹیل کے تمام کاروبار اور انٹرسٹی ٹرانسپورٹ پر پابندی ہوگی، میڈیکل اسٹورز، کریانہ، سبزی گوشت، دودھ کی دکانیں شام 6 بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی۔

آئندہ ہفتے سے سرکاری دفاتر بھی بند کردیے جائیں گے، ویکسین نہ لگوانے ملازمین کو31 اگست کے بعد تنخواہیں نہیں ملیں گی۔ اسی طرح سندھ بھر میں لاک ڈاؤن کے باعث تمام امتحانات بھی ملتوی کردیے گئے ہیں، اگلے ہفتے سے امتحانات نہیں ہوں گے، امتحانات کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔