وزیراعظم کا جنگل میں لگی آگ سے نقصان پر ترک حکومت کے ساتھ ہمدردی کا اظہار

مشکل وقت میں ترک حکومت اور عوام کی مدد کے لئے تیار ہیں، آگ سے ہونے والے نقصان پر ان کے دکھ میں شریک ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کا ٹویٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 30 جولائی 2021 23:41

وزیراعظم کا جنگل میں لگی آگ سے نقصان پر ترک حکومت کے ساتھ ہمدردی کا ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 جولائی2021ء) وزیراعظم عمران خان نے جنگل میں لگی آگ سے نقصان پر ترک حکومت اور عوام سے افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے، انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں ترک حکومت اور عوام کی مدد کے لئے تیار ہیں، آگ سے ہونے والے نقصان پر ان کے دکھ میں شریک ہیں۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ترکی کے جنگلات میں لگی آگ سے پیدا صورتحال پر ترک حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں۔

جنگل میں لگی آگ سے ہونے والے نقصان پر ان کے دکھ میں شریک ہیں۔ انہوں نے مدد کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں ترک حکومت اور عوام کی مدد کے لئے تیار ہیں۔ اسی طرح قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور صدر ن لیگ شہبازشریف نے اپنے بیان میں کہا کہ انتالیا کے مشرق میں ترکی کے 6 صوبوں میں جنگل میں لگی آگ بھڑک اٹھی۔

(جاری ہے)

جنگل میں بھڑکنے والی آگ قیمتی جانوں کے ضیاع ، زرعی زمینوں اور مویشیوں کو شدید نقصان پہنچانے کا باعث بنی۔

انہوں نے ترک حکومت اور غمزدہ خاندانوں سے اظہار افسوس اور ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے ترک بھائیوں اور بہنوں کیلئے نیک خواہشات رکھتے ہیں اور ان کیلئے دعاگو ہیں۔دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق ترکی کے جنگلات میں لگنے والی آگ سے 3 افراد جاں بحق اور 140 سے زائد زخمی ہو گئے۔ متاثرہ علاقوں سے لوگوں کا انخلاء جاری ہے۔ ترکی کے جنوبی علاقوں کے جنگلات میں لگی آگ پر قابو پانے کے لیے کوششیں جاری ہیں، متاثرہ علاقوں میں 75 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواں سے آگ پھیلتی جا رہی ہے۔

ترک وزیرِ جنگلات کا کہنا تھا کہ جنگلات میں آتشزدگی پر قابو پانے میں وقت لگے گا۔ ترک حکام کا کہنا تھا کہ 35 جہاز، 457 گاڑیاں اور 4 ہزار فائرفائٹرز آگ بجھانے کے عمل میں مصروف ہیں۔ ترک ساختہ بغیر پائلٹ کے ہیلی کاپٹرز بھی ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ متاثرہ علاقوں سے کئی دیہات خالی کرا لیے گئے ہیں، ترکی کے چند سیاحتی مقامات بھی آگ سے متاثر ہوئے۔ فائر فائٹرز انتظامیہ کے مطابق 17 صوبوں میں 60 مقامات پر جنگلات میں آگ لگی ہوئی ہے۔ حکام کا کہنا تھا کہ آگ لگنے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔