سعودیہ میں دو گاڑیوں کی ٹکر کے بعد ایک گاڑی دُکان میں جا گُھسی

یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار گاڑی نے آگے جاتی گاڑی کو ٹکر ماری جو بے قابو ہو کر دُکان میں گھُس گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 31 جولائی 2021 12:58

سعودیہ میں دو گاڑیوں کی ٹکر کے بعد ایک گاڑی دُکان میں جا گُھسی
جدہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔31جولائی2021ء ) سعودی عرب کے شہر جدہ کے علاقے الصفا میں اس وقت کھلبلی مچ گئی جب دو گاڑیوں کی ٹکر ہونے کے بعد ایک گاڑی سڑک کنارے دُکان میں جا گھُسی ، جس کے بعد دُکان میں افراتفری مچ گئی۔ خوش قسمتی سے اس حادثے میں دونوں گاڑیوں کے ڈرائیورز محفوظ رہے اور دُکان میں موجود افراد بھی بال بال بچ گئے ہیں۔ اس حادثے کی ویڈیو بھی سامنے ا گئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک تیز رفتار کار اچانک اپنے ٹریک سے ہٹ کر آگے جاتی گاڑی کو عقب سے ٹکر مارتی ہے جس کے نتیجے میں اگلی گاڑی بے قابو ہو کر ایک دُکان کے فرنٹ پر لگے شیشے کے فریم کو توڑ کر اندر گھُس جاتی ہے۔

اس حادثے میں گاڑی کا ڈرائیور اور دُکان میں موجود تمام افراد بھی محفوظ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل سعودی شہر ریاض میں بھی یک بے قابو کار اس کا بیرونی شیشہ توڑتے ہوئے اندر آ گھْسی اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے اس میں آگ بھڑک اْٹھی۔ خوش قسمتی سے اس واقعے میں فارمیسی کے ملازمین بال بال بچ گئے تھے البتہ گاڑی پوری طرح تباہ ہو گئی۔ سعودی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ کنگ عبداللہ روڈ پر پیش آیا جس کے بعد اس سڑک پر ٹریفک جام ہو گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خنشلیلہ کے علاقے میں ایک گاڑی تیز رفتاری کے باعث فارمیسی کا شیشہ توڑتی ہوئی اندر گھْس گئی۔ پھر اس گاڑی میں اچانک آگ بھڑک اْٹھی تو اس حادثے پر پریشان فارمیسی کے سٹاف میں کھلبلی مچ گئی۔
تمام ملازمین دوڑ کر باہر آ گئے۔ گاڑی میں سے شعلے بلند ہوتے رہے۔اس واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آئی تھی جس میں دیکھا جا سکتا تھا کہ فارمیسی میں موجود دو کارکنان اطمینان سے بات چیت میں مصروف ہیں جب اچانک ایک کار فارمیسی کے سامنے والی سائیڈ کا شیشہ توڑ کر اندر آ گھستی ہے۔یہ دونوں کارکنا ن اس حادثے میں بچ جاتے ہیں۔ پھر اس گاڑی میں سے آگ کے شعلے نکلتے ہیں۔ فائر بریگیڈی کے عملے نے آگ پر قابو پا کر فارمیسی کو بڑے نقصان سے بچا لیا ہے۔