اسلام آباد ائیرپورٹ پر 5 کلو ہیروئن برطانیہ سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی

اے این ایف نے کسٹمز کلیئرنگ ایجنٹ کو تحویل میں لیکر کارروائی کا آغاز کردیا

ہفتہ 31 جولائی 2021 14:34

اسلام آباد ائیرپورٹ پر 5 کلو ہیروئن برطانیہ سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2021ء) نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر اے این ایف نے منشیات کی بھاری کھیپ ترکی کے راستے برطانیہ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔اے این ایف نے کسٹمز کلیئرنگ ایجنٹ کو تحویل میں لے لیا۔ پانچ کلو سے زائد براون ہیروئن نہایت مہارت سے بیس بال کے بلوں کے اندر بھر کر سمگل کی جارہی تھی۔

حکام کے مطابق نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کارگو سیکشن میں تعینات اے این ایف کا عملہ ڈیوٹی پر موجود تھا کہ سیالکوٹ سے بیس بال بیٹس کی کھیپ پہنچی، جو زوہیب نامی شخص نے کال کورئیر کمپنی کے ذریعے ترکی کے راستے برطانیہ بھجوانے کیلئے بک کروائی تھی۔اسلام آباد ائیرپورٹ کارگو سیکشن سے کلیئرنگ ایجنٹ جہانزیب اس کھیپ کو کلیئر کرانے کیلئے ائیرپورٹ پر موجود تھا۔

(جاری ہے)

اے این ایف کے عملے نے سامان کو مشکوک جان کر کھولا تو بیس بال بیٹس کے وزن میں فرق پایا۔ تفصیلی پڑتال پر مختلف بیٹس کے اندر مہارت سے پاؤڈر کی صورت میں چھپائی گئی پانچ کلو گرام سے زائد برائون ہیروئن برآمد ہوئی جس کی قیمت بین الاقوامی مارکیٹ میں کروڑوں روپے بنتی ہے۔اے این ایف ذرائع کے مطابق بڑی مقدار میں ہیروئن برآمد ہونے پر کلیئرنگ ایجنٹ کو تحویل میں لیکر سیالکوٹ سے کھیپ بھجوانے والے کال کورئیر کمپنی کے عملے، زوہیب اور برطانیہ میں جس پتے و نام پر منشیات بھجوائی جاری تھی، ان سب کی گرفتاری کے لیے کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ کچھ عرصے میں سیالکوٹ سے بیرون ملک بھجوائی جانیوالی یہ مسلسل دوسری ایسی کھیپ ہے۔