سعودی عرب پر اب تک 383 میزائل اور 960 ڈرون حملے ہو چکے ہیں

اتحادی افواج کے ترجمان نے بتایا کہ حوثی ملیشیا نے سعودی علاقوں پر 9 لاکھ سے زائد گولے داغے ہیں ، 79 بار بارودی کشتیوں سے بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 31 جولائی 2021 16:30

سعودی عرب پر اب تک 383 میزائل اور 960 ڈرون حملے ہو چکے ہیں
 ریاض (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔31جولائی2021ء ) سعودی عرب گزشتہ کئی برسوں سے مسلسل یمن کی حوثی ملیشیا کے حملوں کی زد میں ہے۔ اس حوالے سے ایک بریفنگ کے دوران بتایا گیا ہے کہ مملکت پر حوثی ملیشیا کی جانب سے ہزاروں حملے ہو چکے ہیں۔ حوثی ملیشیا کے خلاف برسر پیکار عرب اتحادی افواج نے کہا ہے کہ دہشت گرد اور باغی گروہ نے اب تک ایک لاکھ 28 ہزار 796 مرتبہ خلاف ورزیاں کرتے ہوئے مختلف قسم کے ناکام حملے کیے ہیں۔

اُردو نیوز کے مطابق اتحادی افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ ’حوثی ملیشیا نے 383 میزائل اور 960 ڈرون حملے کیے ہیں۔’بارودی کشتیوں کی تعداد 79 ہے، سمندر میں بارودی سرنگیں بچھانے کی تعداد 205 جبکہ 96،912 گولے داغے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ’حوثی ملیشیا نے الحدیدہ شہر میں 30528 مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا ہے کہ ’حوثی ملیشیا سعودی عرب کی سرزمین کو نشانہ بنانے کی مذموم کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

’وہ سعودی سرکاری تنصیبات، نجی املاک اور پر امن شہری آبادی کو نشانہ بنانے سے نہیں کتراتے۔بریگیڈیئر جنرل ترکی المالکی نے مزید کہا ہے کہ ’حوثی ملیشیا کی تخریب کاری پر مشتمل یہ کارروائیاں اقوام متحدہ کے چارٹر اور انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے۔‘واضح رہے کہ گزشتہ رات بھی عرب فوجی اتحاد نے بہترین کارکردگی اور مستعدی دکھاتے ہوئے سعودی عرب کے ایک تجارتی جہاز ممکنہ تباہی سے بچا لیا ہے۔

عرب فوجی اتحاد کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یمن کی حوثی ملیشیا نے بحیرہ احمر کے جنوب میں ایک تجارتی جہاز کو ڈرون حملے سے نشانہ بنانے کی کوشش کی تاہم مستعداتحادی افواج نے اس بارود بردار طیارے کو ہدف پر پہنچنے سے پہلے ہی مارا گرایا ہے۔ عرب اتحاد کا کہنا ہے کہ حوثی ملیشیا کی جانب سے بحیرہ احمر میں عالمی تجارات اور جہاز رانی کی سرگرمیوں کو مسلسل نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے تاہم ابھی تک انہیں ناکامی کا مزہ چکھنا پڑا ہے۔

واضح رہے کہ چار روز قبل بھی یمن کی حوثی ملیشیا نے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے کے لیے جازان کے علاقے میں ایک ہی روز میں 4 بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا اور 2 بارود بردار ڈرونز بھی بھیجے گئے تھے تاہم مستعد سعودی فضائیہ نے ان تباہی پھیلانے والے میزائلوں اور ڈرونز کو راستے میں ہی تباہ کر دیا۔