معاشی بقاء کیلئے ایس او پیز کیساتھ صنعتی پیداوار کا عمل جاری رکھنا ہوگا، سلیم الزماں

کورنگی صنعتی علاقے میں 65ہزار سے زائد افراد ویکسینیٹڈ ہو چکے ہیں، صدر کاٹی

ہفتہ 31 جولائی 2021 19:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2021ء) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر سلیم الزماں نے کہا کہ موجودہ کورونا وائرس وباء کے دوران کاروبار اور صنعتی عمل کو جاری رکھنا ایک بڑا چیلنج ہے اس سے نمٹنے کے لیے وفاقی و صوبائی سطح پر دانشمندانہ اقدامات کیے جائیں۔ صنعتوں میں پیدواری عمل بلا تعطل جاری رکھا جائے اس کے لیے حکومت اور صنعتکار مشترکہ حکمت عملی تیار کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صنعتی پہیہ کو مکمل طور پر بند نہیں کیا جاسکتا، اس سلسلے میں حکومت مکمل لاک ڈاؤن کے بجائے اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نفازذ کرے اور ویکسی نیشن کے عمل کو تیز کرے۔ سلیم الزماں نے کہا کہ ویکسی نیشن سینٹرز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ عوام کو ویکسین لگا کر اس وباء سے محفوظ کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

صدر کاٹی نے کہا کہ صنعتی علاقے بخوبی اپنی ذمہ داری نبھا رہے ہیں اور انڈسٹری میں کام کرنے والے ملازمین کی اکثریت ویکسین لگوا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صرف کورنگی صنعتی علاقے میں سندھ حکومت کے تعاون سے 65 ہزار سے زائد ملازمین کو ویکسین لگائی جا چکی ہیں، جو کہ ظاہر کرتا ہے کہ صنعتی پیداواری عمل کے باعث کورونا کا پھیلاؤ ممکن نہیں۔ سلیم الزماں نے کہا کہ حکومت ایس او پیز کے ساتھ تمام کاروبار زندگی کو جاری رکھنے کی اجازت دے، کیونکہ صرف احتیاط ہی اس وباء سے لڑنے کا واحد حل ہے، لیکن انڈسٹری اور تجارت کو مکمل لاک ڈاؤن لگانے سے بے روزگاری خطرناک حد تک بڑھ جائے گی اور معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر اور خصوصی طور پر کراچی میں کورونا وباء کی موجودہ لہر خطرناک شکل اختیار کرتی جارہی ہے جو انسانی جانوں کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کے لیے بھی چیلنج ثابت ہورہی ہے۔ صدر کاٹی نے کہا کہ گزشتہ کورونا وباء سے نمٹنے کے لیے پاکستانی حکمت عملی کو عالمی طورپر سراہا گیا، موجودہ کورونا وباء سے بچاؤ کے لئے نہ صرف ویکسی نیشن کا عمل ضروری ہے بلکہ حکومتی سطح پر اس سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کی بھی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب جب کہ کورونا کی موجودہ لہر کافی خطرناک ثابت ہو رہی ہے اورقیمتی انسانی اموات میں اضافہ ہورہا ہے،اس نازک صورتحال میں ضرورت اس امر کی ہے کہ بحیثیت ایک قوم حکومت،عوام، اوردیگر قومی ادارے مل کر کورونا وباء کے خلاف احتیاطی تدابیر اور موثر حکمت عملی اپناتے ہوئے اس پر قابو پائیں تاکہ ملک میں قیمتی انسانی جانوں کو محفوظ بنایا جاسکے۔

سلیم الزماں نے کہا کہ ملک میں بے روزگاری کے طوفان کو روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر اور وباء کی روک تھام کے ساتھ صنعتی پیداوار کا عمل بھی جاری رکھنا ہوگا۔صدر کاٹی نے مزید کہاکہ حکومت کی جانب سے لیبر، صحت اور وزارت صنعت و تجارت کو اس سلسلے میں موثر حکمت عملی تیار کرے اور اس حوالے سے صنعت کار برادری کی تجاویز کو بھی لائحہ عمل کاحصہ بناتے ہوئے اس پر فوری عمل درآمد بھی شروع کرائے۔ سلیم الزماں نے کہا کہ معاشی سرگرمیوں کو معمول پر لانے کے لئے برآمداتی شعبے کے ساتھ ساتھ اس صنعت سے وابستہ دیگر صنعتوں کو بھی فعال بنانے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔