پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ غریب اورعوام دشمن اقدام ہے ،جمال شاہ کاکڑ

ہرگزرتے دن کے ساتھ حکومت عوام پر مہنگائی کی بم بماری کر رہی ہے،صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان

ہفتہ 31 جولائی 2021 23:45

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2021ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر و سابق اسپیکرجمال شاہ کاکڑ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے حکومتی فیصلے کو عوام دشمن اور غریب کش اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہرگزرتے دن کے ساتھ حکومت عوام پر مہنگائی کی بم بماری کر رہی ہے عوام کواس حد تک نہ اکسایا جائے کہ وہ اجتماعی خود کشی پر مجبور ہوجائیں نا اہل اور ناتجربہ کار حکومت عوامی مسائل پر توجہ دے بصورت دیگر اسکے ملکی سطح پر منفی اثرات مرتب ہونگے یہ بات انہوں نے پٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ ایک ماہ کے دوران حکومت نے دوسری مرتبہ پٹرول کی قیمتیں بڑھائی ہیں حکومت عوام کو ریلیف نہیں دے سکتی تو کم از کم ان پر مزید مہنگائی کا بوجھ بھی نہ ڈالے ملک کو عملی طور پرآئی ایم ایف کے سپرد کردیا گیا ہے جو اپنی من مرضی سے چیزوں کی قیمتیں بڑھا رہا ہے اور حکومت صرف اور صرف ڈمی کے طور پر انکے فیصلوں پر عملدرآمد کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت کو عوام کو ریلیف اور خزانے پر بوجھ ڈالنا چاہئے تھا مگر عجیب و غریب منطق پیش کی جارہی ہے کہ اب بھی خطے میں سب سے سستی پٹرولیم مصنوعات پاکستان میں ہیںلہذا انکی قیمتیں بڑھادی جائیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشی حالات ایسے نہیں کہ آئے روز غریب لوگ مہنگا پٹرول ،اشیاء خوردونوش خرید سکیں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پے درپے اضافے کی وجہ سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گاجو غریب کو خود کشی کرنے پر مجبور کردیگا ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کا مزید چلنا ملک کیلئے خطرہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو فوری طور پر واپس لیا جائے۔