مصرکے جزیرہ نما سینا میں واقع قصبہ شیخ زوید میں جنگجوئوں کاحملہ، پانچ فوجی ہلاک

سکیورٹی اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے تین جنگجو ہلاک ، علاقے میں مزید نفری بھیج دی گئی ،مصری وزارت داخلہ

اتوار 1 اگست 2021 12:05

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اگست2021ء) مصر کے شورش زدہ علاقے جزیرہ نماسینا میں واقع قصبے شیخ زوید میں ایک چیک پوسٹ پر داعش کے جنگجوئوں نے حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں پانچ فوجی ہلاک اور چھ زخمی ہوگئے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق مصری حکام نے بتایا کہ حملے میں زخمی فوجیوں کو بحرمتوسط کے کنارے واقع شہرالعریش میں فوجی اسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے۔

انھوں نے مزید بتایا کہ سکیورٹی اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے تین جنگجو ہلاک ہوگئے اور علاقے میں مزید نفری بھیج دی گئی ہے۔جزیرہ نماسینا کے شمالی حصے میں مصرکی سکیورٹی فورسز اورداعش سے وابستہ جنگجوں کے درمیان آئے دن جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں۔اس علاقے میں 2013 میں مصر کے پہلے منتخب صدر ڈاکٹر محمد مرسی (اب مرحوم)کی حکومت کی برطرفی کے بعد سے شورش بپا ہے۔

(جاری ہے)

داعش کے جنگجوئوں نے اس علاقے میں مصری سکیورٹی فورسز،عیسائی اقلیت اور فوج اور پولیس کے ساتھ تعاون کرنے والے عام افراد پر بیسیوں حملے کیے تاہم فروری 2018 میں مصری فوج کی بڑے پیمانے پر کارروائی کے بعد سے اس علاقے میں داعش کے حملوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔مصری فوج نے سینا کے علاوہ نیل ڈیلٹا اور لیبیا کے ساتھ واقع سرحدی علاقے میں بھی جنگجوں کے خلاف کارروائی کی تھی۔اس میں بھاری مشینری سے ان کے ٹھکانوں کو تباہ کردیاتھا اوربڑی تعداد میں مشتبہ جنگجوں کو ہلاک کردیا تھا یا گرفتارکر لیا تھا۔