ترکی کے جنگلی آگ کی تباہ کاریاں مایجیئن کے ریزارٹ سے سیاحوں کو نکال لیا گیا

حکومت آگ سے بے گھر افرادکے کرائے برداشت کرے گی اور ان کے مکانوں کی تعمیرنو کرے گی،صدرایردوآن

اتوار 1 اگست 2021 12:05

ترکی کے جنگلی آگ کی تباہ کاریاں مایجیئن کے ریزارٹ سے سیاحوں کو نکال ..
انقرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اگست2021ء) ترکی میں جنگلات میں لگنے والی آگ سے لاحق خطرات کے پیش نظر بحیرہ ایجیئن کے کنارے واقع بودرم ریزارٹ سے غیرملکی سیاحوں کو کشتیوں کے ذریعے نکال لیا گیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق اس ریزارٹ میں واقع ہوٹلوں میں بیسیوں ملکی اور غیرملکی سیاح مقیم تھے۔اس کے نزدیک واقع جنگل میں آگ پھیلنے کے بعد حکام نے سیاحوں کو ہوٹل خالی کرنے کی ہدایت کی تھی جس کے بعد وہ سمندر کے کنارے پہنچ گئے اور وہاں سے انھیں کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات کی جانب منتقل کردیا گیا ہے۔

سیاحوں کی منتقلی کی اس کارروائی میں ترکی کے کوسٹ گارڈ نے حصہ لیا ہے۔حکام نے نجی ملکیتی کشتیوں اور یاٹس سے بھی سیاحوں کے انخلا کی کوششوں میں مدد کی اپیل کی تھی۔

(جاری ہے)

ترکی کے وزیرصحت نے بحرمتوسط (بحیرہ روم)کے کنارے واقع قصبوں میں جنگل کی آگ سے چھے ہلاکتوں کی تصدیق کی ۔انھوں نے بتایا کہ آگ سے محکمہ جنگلات کے دوکارکن ہلاک ہوگئے اور آگ سے متاثرہ چارسوسے زیادہ افراد کو اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ۔

وزیر زراعت و جنگلات بکیرپاک دیمیرلی نے بتایا کہ تیزہوائوں اور شدید گرمی کے سبب 98 مقامات پر لگنے والی آگ میں سے 88 جگہوئوں پر قابو پا لیا گیا ہے۔ ترکی کی ایمرجنسی اورڈیزاسٹر اتھارٹی نے پانچ صوبوں میں آگ سے متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دے دیا ہے۔ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے ہیلی کاپٹر پر آتش زدگی سے متاثرہ علاقوں کا فضائی دورہ کیا اور نقصانات کا جائزہ لیا ۔

انھوں نے مناواجات شہر میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترک حکومت آگ سے بے گھر ہونے والے افراد کے کرائے برداشت کرے گی اور ان کیگھروں کی تعمیرنو کرے گی۔انھوں نے کہا کہ متاثرہ افراد کے لیے ٹیکس، سماجی تحفظ اور کریڈٹ کی ادائی ملتوی کردی جائیگی اور چھوٹے کاروباری اداروں کو بلاسود قرضوں کی پیش کش کی جائے گی۔انھوں نے بتایاکہ آگ پر قابو پانے کی امدادی سرگرمیوں میں شریک طیاروں کی تعداد چھے سے بڑھا کر 13 کر دی گئی ہے۔

ان میں یوکرین،روس،آذربائیجان اور ایران کے طیارے بھی شامل ہیں اور ہزاروں ترک اہلکار اور درجنوں ہیلی کاپٹر اور ڈرون آگ بجھانے کی کوششوں میں شریک ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ حکام آتش زدگی میں تخریب کاری کے ا مکان کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ترک حکام نے کردعلیحدگی پسندوں پر جنگلوں میں آگ لگانے کا الزام عاید کیا ہے۔