کم ترین ٹی ٹونٹی اننگز میں 20 نصف سنچریاں ، بابراعظم نے ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑ دیا

قومی ٹیم کے کپتان نے 56 اننگز کھیل کر یہ کارنامہ سرانجام دیا، بھارتی کپتان کو 65 اننگز کھیلنا پڑی تھیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 1 اگست 2021 13:40

کم ترین ٹی ٹونٹی اننگز میں 20 نصف سنچریاں ، بابراعظم نے ویرات کوہلی کا ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ یکم اگست 2021ء ) قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کم ترین ٹی ٹونٹی اننگز میں 20 نصف سنچریاں سکور کرنے والے بلے باز بن گئے ہیں ۔ بابراعظم نے گزشتہ روز ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹی ٹونٹی میں 40 گیندوں پر 51 رنز کی باری کھیلی ، یہ ان کے ٹی ٹونٹی کیریئر کی 20 ویں نصف سنچری تھی جس کے ساتھ ہی انہوں نے کم ترین اننگز میں 20 ٹی ٹونٹی نصف سنچریاں سکور کرنے کا ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑ دیا ۔

بابراعظم اب تک 59 ٹی ٹونٹی میچز کی 56 اننگز میں 46.89 کی اوسط سے 2204 رنز سکور کرچکے ہیں جن میں ایک سنچری اور 20 نصف سنچریاں شامل ہیں ، انہوں نے یہ رنز 130.64 کے سٹرائیک ریٹ سے سکور کیے ہیں ۔ ویرات کوہلی نے 65 ٹی ٹونٹی اننگز کھیل کر 20 نصف سنچریاں سکور کی تھی جب کہ بھارت ہی کے روہت شرما نے 88 اننگز کھیل کر اتنی نصف سنچریاں سکور کیں ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاکستان نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں ویسٹ انڈیز کو شکست دیکر 4 میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔

ویسٹ انڈیز کے شہر پروویڈنس میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 157 رنز بنائے جس کے جواب میں میزبان ٹیم 150 رنز ہی بناسکی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے آندرے فلیچر کھاتہ کھولے بغیر ہی محمد حفیظ کا شکار بن گئے اور ایون لیوس 35 رنز پر ریٹائرڈ ہرڈ ہوگئے جب کہ کرس گیل 16 اور شیمرون ہیٹ میئر نے 17 رنز کی اننگز کھیلی۔

نکولس پورن نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی وہ 33 گیندوں پر 62 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ کپتان کیرون پولارڈ نے 13 رنز بنائے۔ قومی ٹیم کی جانب سے محمد حفیظ، شاہین آفریدی، حسن علی اور محمد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل میچ کا ٹاس میزبان ٹیم کے کپتان کیرن پولارڈ نے جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم کی جانب سے شرجیل خان اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا، شرجیل 20 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے اور رضوان نے 46 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

کپتان بابراعظم نے نصف سنچری اسکور کرنے کے بعد 51 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ فخرزمان 15، محمد حفیظ 6، حسن علی 0، صہیب مقصود اور شاداب خان نے 5،5 رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر نے 4، ڈیوائن براو نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ دوسری جانب محمد رضوان نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں عالمی ریکارڈ قائم کردیا، وہ ٹی ٹوئنٹی میں کلینڈر ایئر میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔