پی ایس ایل میں فاسٹ بائولرز کی کثرت اسے دنیا کی بہترین لیگز میں سے ایک بناتی ہے: عثمان خواجہ

پی ایس ایل میں ایسا لگتا ہے کہ ہر ٹیم میں کم از کم2 یا شاید 3 فاسٹ باؤلر ایسےہیں جو 145کلومیٹر فی گھنٹا کی رفتار سے بائولنگ کرسکتے ہیں: آسٹریلین بلے باز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 1 اگست 2021 14:23

پی ایس ایل میں فاسٹ بائولرز کی کثرت اسے دنیا کی بہترین لیگز میں سے ایک ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ یکم اگست 2021ء ) پاکستانی نژاد آسٹریلین ٹاپ آرڈر بلے باز عثمان خواجہ کا خیال ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں فاسٹ بائولرز کی صلاحیتوں کی کثرت نے اسے دنیا کی بہترین ٹی ٹونٹی لیگز میں شامل کیا ہے۔ عثمان خواجہ نے کہا کہ پی ایس ایل 6 میں ان کا تجربہ غیر معمولی تھا اور اس ٹورنامنٹ کا نظم و نسق اچھی طرح سے انجام پایا ، جس کی وجہ سے بین الاقوامی کھلاڑیوں کو بہت جلد ایڈجسٹ ہونے میں مدد ملی۔

پاکستانی شائقین کی تفریح ​​کے لئے عثمان خواجہ نے اپنے یوٹیوب چینل پر پی ایس ایل کے بارے میں اپنے خیالات اردو میں شیئر کیے۔ عثمان خواجہ نے کہا کہ انہوں نے پی ایس ایل میں جس طرح کی میعاری فاسٹ بائولنگ کا سامنا کیا اس سے پہلے کیریئر میں کبھی نہیں کیا تھا ، غیر معمولی بائولنگ پی ایس ایل کو دنیا کی دیگر اعلی ٹی ٹونٹی لیگز کے مقابلے میں انوکھا بناتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں کہ پی ایس ایل کی تیز باؤلنگ اسے دوسرے ٹاپ لیگز سے مختلف بنا دیتی ہے، میں کہوں گا کہ یہ 100 فیصد سچ ہے ،میں نے اتنے تیز باؤلر کہیں اور نہیں دیکھے یہاں تک کہ بگ بیش لیگ میں بھی نہیں۔ وہاں ہمارے پاس 4 سے5 فاسٹ باؤلرز ہیں جو 145کلومیٹر فی گھنٹا سے تیز بائولنگ کرتے ہیں جب کہ پی ایس ایل میں ایسا لگتا ہے کہ ہر ٹیم میں کم از کم2 یا شاید 3 فاسٹ باؤلر ہوں جو 145کلومیٹر فی گھنٹا سے تیز بولنگ کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا تیز باؤلنگ سٹاک دنیا بھر میں بہترین ہے۔