بلال لاکھانی پی آر 40 انڈر 40 ایوارڈ جیتنے والے پہلے پاکستانی بن گئے

اتوار 1 اگست 2021 22:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اگست2021ء) کراچی میں اپنے کمیونیکیشن کیریئر کا آغاز کرنے والے پبلک ریلیشنز کی صنعت کے تجربہ کار اور ماہر شخصیت بلال لاکھانی نے پی آر ویک کی جانب سے عالمی سطح پر اس صنعت کا معتبر سمجھا جانے والا اعزاز 'پی آر 40 انڈر40 ایوارڈ' جیت لیا ہے۔ 'پی آر 40 انڈر40 ایوارڈ' ان افراد کی خدمات کے اعتراف میں دیا جاتا ہے جو کمیونیکیشن، پبلک ریلیشن اور مارکیٹنگ کی صنعت کو نئی جہتوں سے متعارف کرا رہے ہیں۔

بلال 'پی آر 40 انڈر 40 ایوارڈ' جیتنے والے پہلے پاکستانی ہیں۔ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے بلال نے سنسناٹی، جنیوا اور کراچی میں ایک اعلیٰ باصلاحیت فرد کی حیثیت سے پراکٹر اینڈ گیمبل کے لیے کمیونیکیشن حکمت عملیوں کے ڈیزائن اور اس پر عملدرآمد میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

وہ فی الحال شمالی امریکا میں دو ارب ڈالر کے پراکٹر اینڈ گیمبل کے سرفہرست کمیونیکیشن کی سربراہی کرنے کے ساتھ ساتھ پراکٹر اینڈ گیمبل کے عالمی Influencer Center of Excellence کے ڈائریکٹر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔

اس کے علاوہ بلال ایک ایوارڈ یافتہ صحافی اور بااثر شخصیت کے مالک ہیں ان کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر 3لاکھ سے زائدفالورز ہیں۔ وہ پاکستان کے سب سے بڑے انگریزی اخبار کے کالم نگار بھی ہیں اور پاکستان کے صدر مملکت اور وزیر خزانہ سے مشہور اور شاندار انٹرویوز بھی کر چکے ہیں۔ انہوں نے غیر معمولی پاکستانی شخصیات پر مختصر دستاویزی فلموں کی ایک سیریز کی ہدایت بھی کی جسے 2 کروڑ سے زائد افراد دیکھ چکے ہیں۔

پی آر وِیک کے ایڈیشنل ڈائریکٹر اسٹیو بیریٹ نے کہا کہ پچھلی دہائی کے دوران 40 انڈر 40 سابق طلباء ایسے افراد کی نمائندگی کرتے ہیں جو کمیونیکیشن کے شعبے کی نمائندگی کرتے ہیں اور اعزاز حاصل کرنے والے متعدد افراد اس صنعت میں سینئر عہدوں پر پہنچ چکے ہیں۔ جیسا کہ کمیونیکیشن اور مارکیٹنگ کی دنیا میں پبلک ریلیشنز نئی راہوں کا تعین کررہی ہے، تو پی آر ویک 40انڈر 40 کلاس کے ساتھ ان پراثر شخصیات اور جدت کاروں کو اعزازات سے نواز رہا ہے جو 2021 میں اس صنعت کے لیے نئی راہوں کا تعین کررہے ہیں۔

پی آر 40 کے پیشہ ور افراد کے تجربات اس صنعت کے آئینہ دار ہیں جو سماجی، ڈیجیٹل اور مواد کے شعبوں میں تیزی سے ابھر رہی ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ بیک وقت سینئر ماہرین اور قابل اعتماد مشوروں کی روایتی صلاحیتوں کو برقرار رکھے ہوئے ہے۔بلال لاکھانی نے ایوارڈ کے حصول پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں زیادہ اس بات پر مشکور ہوں کہ میں نے اپنے کمیونیکیشن کیریئر کا آغاز کراچی سے کیا اور آج یہ اعزاز نیو یارک سٹی میں جیتا۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عالمی سطح پراپنی بہترین صلاحیتوں کی بدولت پاکستانی باصلاحیت افراد سرخرو اور کامیاب ہو سکتے ہیں۔