کراچی کو آفت زدہ قرار دے کر عام لوگوں کے گیس اور بجلی کے معاف کئے جائیں،پاک امن ویلفیئر ایسوسی ایشن

اتوار 1 اگست 2021 22:00

ًکراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 اگست2021ء) پاک امن ویلفیئر ایسوسی ایشن کے چیئرمین سعید احمدبیگ نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ کراچی کو آفت زدہ قرار دے کر عام لوگوں کے گیس اور بجلی کے معاف کئے جائیں،شہر میں لاک ڈائون کی وجہ سے غریب باالخصوص دہاڑی دار طبقہ بے روزگار ہوچکاہے جبکہ بے شمار دکانوں وکارخانوںپر کام کرنے والے تنخواہ داروں کو تنخواہیں نہیں مل رہیں،ایسے میں گھر کا خرچہ،مکان کا کرایہ،یوٹیلٹی بلز کی ادائیگی اور بچوں کے اسکول کی فیسیں بھرناناممکن ہوچکاہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ فوری طور پر عام افراد کو ریلیف دیاجائے جبکہ کاروباری افراد کو پانچ تادس لاکھ روپے آسان شرائط پر قرضہ دیاجائے تاکہ وہ اپنے کاروبار کو برقراررکھ سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بہتر یہ تھاکہ لاک ڈائون سے پہلے عوام کو گھرچلانے کے اسباب مہیاکردیئے جاتے،غریبوں کو مہینے بھر کا راشن اور دیگر اخراجات کے لئے امدادی رقم دے کر لاک ڈائون کا پابند کیاجاتالیکن حکومت سندھ نے جلد بازی میں فیصلہ کرکے لاکھوں افراد کو بے روزگار کرنے کے ساتھ ساتھ بے شمار خاندانوں کو فاقہ کشی پر مجبورکردیا ہے، بہر حال دیر آید درست آید کے مصداق اگر حکومت اب بھی عوام کو ریلیف دے دے تو مثالی حکمرانی کا درجہ مل سکتاہے، بصورت دیگر عوام کے کوسنوں کے سواسندھ حکومت کے حصے میں کچھ نہیں آئے گا۔