رائے ونڈ سستا سہولت بازار میں آٹے کی قلت سے سینکڑوں شہری مایوس واپس لوٹنے لگے

پیر 2 اگست 2021 12:00

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2021ء) رائے ونڈ سستا سہولت بازار میں آٹے کی قلت سے سینکڑوں شہری مایوس واپس لوٹنے لگے ،فلور ملز مالکان اور محکمہ خوراک کے راشی افسران کی ملی بھگت سے سرکاری کوٹہ میں خرد برد کا امکان۔سستا سہولت بازار میں آٹے نہ ملنے پر حکومت کی جگ ہنسائی ہونے لگی ،شہری سراپا احتجاج ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق رائے ونڈ ماڈل بازار میں قائم سستا سہولت بازار میں آٹا پوائنٹ پر چند آٹے کے تھیلے رکھ کر عوام کیساتھ مذاق کیا جار ہا ہے سستے آٹے کے حصول کیلئے شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی دینا لازمی قرار دیا گیا ہے شہری کئی کئی گھنٹے قطار میں انتظار کرتے ہیں جب انکی باری آتی ہے تو آٹا ختم ہو چکا ہوتا ہے ڈیوٹی پر مامور محکمہ خوراک کے ملازمین کے مطابق پہلے 500تھیلا یومیہ آتا تھا لیکن اب صرف 200تھیلا آرہا ہے جو چند منٹوں کے بعد ختم ہو جاتا ہے 10کلو آٹے کا تھیلا 430روپے میں فراہم کیا جاتا ہے شہر اور گردونواح کی لاکھوں پر مشتمل آبادی کیلئے صرف 200تھیلا ایک مذاق سے کم نہیں ہے شہریوں نے کمشنر لاہور سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ خوراک کے راشی افسران کی ملی بھگت سے فلور ملزمالکان کی چیرہ دستیوں کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے رائے ونڈ سستا بازار میں ایک ہزار تھیلا یومیہ فراہم کیا جائے تاکہ مقامی لوگوں کو سستے آٹے کے حصول کیلئے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔