متحدہ عرب امارات واپسی کے منتظر پاکستانیوں کے لیے بُری خبر متوقع ہے

اتحاد ایئر ویز کے مطابق پاکستان ، بھارت اور دیگر ممالک پر عائدسفری پابندی میں توسیع کا امکان ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 2 اگست 2021 12:00

متحدہ عرب امارات واپسی کے منتظر پاکستانیوں کے لیے بُری خبر متوقع ہے
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔2 اگست 2021ء) متحدہ عرب ا مارات کی جانب سے 12 مئی سے پاکستان سمیت کئی ممالک کے مسافروں کے امارات آنے پر پابندی عائد کی تھی ۔ جس کی وجہ سے کئی ماہ سے اپنے وطن میں پھنسے اماراتی ویزہ ہولڈرز بہت پریشان ہیں۔ چند روز قبل یہ اطلاعات آ رہی تھیں کہ 7 اگست کے بعد پاکستان سمیت دیگر ممالک کے مسافروں کے امارات کے فضائی سفر پر پابندی ہٹا لی جائے گی جس کے بعد لاکھوں پریشان افراد کی واپسی ممکن ہو سکے گی۔

تاہم ابوظبی کی سرکاری ایئر لائن اتحاد ایئرویز نے ایک پریشان کُن خبر سُنا دی ہے۔ اتحاد کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور سری لنکاکی مسافر پروازوں پر عائد پابندی کی مُدت میں توسیع کا امکان ہے۔ پہلے یہ امکان تھا کہ 7 اگست کے بعد پابندی ہٹا لی جائے گی۔

(جاری ہے)

مگر اب اس حوالے سے خدشات موجود ہیں ۔ایمریٹس، اتحاد اورفلائی دُبئی نے اماراتی حکومت کی جانب سے ان ممالک سے مسافر پروازوں کی آمد پر پابندی میں 7 اگست تک توسیع کا اعلان کیا تھا۔

اتحاد ایئر کا کہنا ہے کہ کورونا کیسز کی نئی صورت حال کے پیش نظر فضائی سفر پر پابندی میں توسیع کا امکان موجود ہے۔ واضح رہے کہ 12 مئی سے پاکستان کے علاوہ بنگلہ دیش، سری لنکا اور نیپال سے آنے والی مسافر پروازوں پر بھی عائد کی گئی تھی۔ اس فیصلے نے ہزاروں پاکستانیوں کو مایوس کر دیا تھا۔ کیونکہ امارات جلد واپسی نہ ہونے سے ان کی نوکریاں خطرے میں پڑ گئی ہیں۔

جبکہ کئی پاکستانیوں کے امارات میں تعلیم کا سلسلہ بھی متاثر ہو رہا ہے۔ اماراتی حکام کی جانب سے کہا گیا تھا کہ اس پابندی کے بعد ٹرانزٹ ویزہ والے مسافروں کو بھی یو اے ای آنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ یہ پابندی پاکستان سے آنے والی مقامی ایئر لائنز کے ساتھ ساتھ تمام بین الاقوامی ایئر لائنز پر بھی لاگو ہے۔ البتہ دیگر ممالک سے پاکستان جانے والے مسافروں کو ٹرانزٹ ویزہ پر امارات رْکنے کی اجازت ہو گی۔

ان پر اس پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔ کیونکہ یہ پابندی پاکستان سے آنے والے مسافروں پر عائد کی گئی ہے۔اماراتی حکام نے واضح کیا تھا کہ پاکستان سے آنے والی کارگو فلائٹس اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔ البتہ پاکستان سے اماراتی شہریوں کو امارات واپس آنے کی اجازت ہو گی۔ اسی طرح سفارتی مشنز، سرکاری وفود، گولڈل ویزہ ہولڈرز بھی امارا ت واپس جا سکیں گے اور بزنس مین طبقہ اپنے ذاتی جہازروں پر بھی امارات پہنچ سکے گا۔

NCEMA نے واضح کیا ہے کہ پابندی سے مستثنیٰ ان تمام مسافروں کو فلائٹ سے قبل پی سی آر ٹیسٹ کروا کر نیگیٹو رپورٹ حاصل کرنا ہوگی۔ یہ ٹیسٹ رپورٹ پرواز کے وقت 48 گھنٹے سے زائد پْرانی نہ ہو، ورنہ نئی رپورٹ حاصل کرنا لازمی ہوگا۔ یو اے ای کے ایئرپورٹ پر اْترتے ہی ان مسافروں کا موقع پر پی سی آر ٹیسٹ لیا جائے گا۔ جس کے بعد انہیں 10روز قرنطینہ میں رہنا ہو گا۔ اسی دوران ان مسافروں کا چوتھے روز اور پھر آٹھویں بھی پی سی آر ٹیسٹ لیا جائے گا۔