میونسپل کمیٹی اوچ شریف میں دو سال بعد مستقل چیف آفیسر کی تعیناتی،میونسپل کمیٹی یزمان کے میونسپل آفیسر (انفراسٹریکچر اینڈ سروسز) کو اوچ شریف کی اضافی ذمہ داریاں تفویض

Ahmad Hassan awan احمد حسن اعوان پیر 2 اگست 2021 13:25

اوچ شریف (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 اگست2021ء) تفصیلات کے مطابق سیکرٹری پنجاب لوکل گورنمنٹ بورڈ سائرہ عمرنے گریڈ 18کے سینئر افسرارشد محمود تتلہ کی بطور چیف آفیسر،میونسپل کمیٹی اوچ شریف میں تعیناتی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے جبکہ محرم الحرام کے دوران شہر میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے، محرم روٹس کی تعمیرومرمت اور عملہ صفائی کو تنخواہوں کی ادائیگی کے معاملات سمیت دیگر دفتری امور کی تکمیل کے لئے میونسپل کمیٹی یزمان میں تعینات گریڈ 17کے میونسپل آفیسر (انفراسٹریکچر اینڈ سروسز) ارسلان رفیع کو میونسپل کمیٹی اوچ شریف کا اضافی چارج تفویض کیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق ارشد محمود تتلہ قبل ازیں میونسپل کمیٹی چشتیاں سمیت دیگرشہروں میں چیف آفیسر کے طور پر اپنی خدمات سرانجام دے چکے ہیں جبکہ میونسپل آفیسر(انفراسٹریکچر اینڈ سروسز) ارسلان رفیع حال ہی میں پنجاب پبلک سروس کمیشن کے تحت مقابلے کے امتحان میں کامیاب ہو کرمیونسپل آفیسر تعینات ہوئے، واضح رہے کہ یکم جنوری 2017ء میں اوچ شریف کو میونسپلیٹی کا درجہ ملنے کے بعد دو برسوں میں پہلے چیف آفیسر ہارون الرشید عباسی اور ان کے علاوہ ملک اشفاق، محمد علی اور عمران نیازی ہی میونسپل کمیٹی اوچ شریف میں مستقل چیف آفیسرکے طور پر تعینات رہے اور رہائش سمیت دیگر مسائل کے باعث ازخود دوسرے شہروں میں تبادلے کرا گئے تھے، نئے چیف آفیسر ارشد محمود تتلہ نے گزشتہ روز عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد پہلی رات ایڈمنسٹریٹر کے دفتر میں قیام پذیر ہوئے جبکہ ان کے اوچ شریف میں مستقل رہنے کے ”عزائم“ کے پیش نظر میونسپل کمیٹی اوچ شریف کے حکام نے ایک کمرے میں ان کی رہائش اور قیام و طعام کا انتظام کر دیا ہے۔