یو اے ای نے 3سے 17 سال تک کے بچوں کو بھی ویکسین لگانے کا اعلان کر دیا

وزارت صحت کی جانب سے ایک ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ چھوٹی عمر کے بچوں کو جلد سینو فارم ویکسین لگائی جائے گی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 2 اگست 2021 14:08

یو اے ای نے 3سے 17 سال تک کے بچوں کو بھی ویکسین لگانے کا اعلان کر دیا
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔2 اگست 2021ء ) متحدہ عرب امارات میں کورونا کی وبا پر قابو پانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن کے بہترین نتائج بھی سامنے آ رہے ہیں۔ کورونا کی ویکسی نیشن کی شرح کے اعتبار سے بھی امارات دُنیا بھر میں دوسرے نمبر پر آ چکا ہے۔ اس کے علاوہ روزانہ کی بنیاد پر پی سی آر ٹیسٹنگ کی شرح بھی دو لاکھ سے زائد ہو چکی ہے۔

تاہم ابھی تک اس موذی وبا کا خاتمہ ممکن نہیں ہو سکا ۔ ا س حوالے سے اماراتی حکومت نے ایک بڑا قدم اُٹھا لیا ہے۔ گلف نیوز کے مطابق اماراتی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ جلدچھوٹی عمر کے بچوں اور کم سن افراد کو بھی چین کی سینو فارم ویکسین لگائی جائے گی۔اماراتی وزارت صحت کی جانب سے ایک ٹویٹر پیغام میں بتایا گیا ہے کہ مملکت میں 3 سال سے 17 سال تک کی عمر کے کم سن افراد کو کورونا سے بچاؤ کی خاطر سینو فارم کی ویکسین لگائی جائے گی۔

(جاری ہے)

وزارت صحت کے مطابق سینو فارم ویکسین کے بچوں پر اثرات جانچنے کے لیے جون میں کلینیکل ٹرائلز شروع کیے گئے تھے جن میں 3 سال سے 17 سال کی عمر تک کے 9 سو بچوں کو سینو فارم ویکسین کی خوراک دی گئی اور پھر انہیں مسلسل طبی نگرانی میں رکھ کر اس ویکسین کی افادیت کا جائزہ لیا گیا۔ ان کلینیکل ٹرائلز کے شاندار نتائج سامنے آئے ہیں جن کے مطابق یہ ویکسین بچوں اور کم سن افراد کو کورونا سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے انتہائی موثر ہے اور اس کے کوئی مضر اثرات نہیں ہیں۔

جن بچوں کو ان ٹرائلز میں شامل کیا گیا ان کے والدین سے اجازت لی گئی تھی۔ ان ننھے منے رضاکاروں کو ویکسین خوراکیں دیئے جانے کے بعد انہیں وزارت صحت نے طبی نگرانی میں رکھا ۔ ان رضاکار بچوں کا تعلق مختلف ممالک سے تھا۔ اس ویکسین کی بچوں پر افادیت ثابت ہونے کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ اس کا امارات میں 3 سال سے 17 سال تک کے بچوں پر استعمال ہنگامی طور پر شروع کرا دیا جائے تاکہ امارات میں تمام عمر کے افراد کو کورونا کی موذی وبا سے مکمل تحفظ فراہم کرنے میں مدد مل سکے۔ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ خلیجی خطے اور شمالی افریقہ کے علاقے میں یو اے ای وہ پہلا ملک ہے جس نے اس کم عمر کے بچوں پر ویکسین کے کلینیکل ٹرائلز کا انعقاد کیا ، جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔