بھارت ظالمانہ ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کی جدوجہدآزادی کو ختم نہیں کر سکتا

کشمیری عوام جرات اور استقامت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دس لاکھ دہشت گرد بھارتی فوجیوں کا مقابلہ کررہے ہیں

پیر 2 اگست 2021 15:30

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2021ء) غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں ماس موومنٹ نے کہا ہے کہ 5 اگست کو یوم سیاہ مناکر بھارت کو یہ پیغام دیا جائے گا کہ وہ سازشوں اور ظالمانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کی جدوجہدآزادی کو ختم نہیں کر سکتا۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق جموں و کشمیر ماس مومنٹ کے سیکرٹری انفارمیشن شبیر احمد نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ ہڑتال سے دنیا کی توجہ مقبوضہ جموںو کشمیر کی سنگین صورتحال اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی طرف مبذول کرائی جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ گزشتہ دو سال سے کشمیر عوام کوشدید مشکلات کا سامنا ہے، حریت قیادت جیلوں میں پابند سلاسل اور گھروں میں نظر بند ہے، تحریک حریت جموں وکشمیرکے چیئرمین محمد اشرف صحرائی کو جیل میں شہید کیا گیا اور دیگر حریت رہنمائوں کی زندگیوں کو شدید خطرہ لاحق ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اس کے باوجود کشمیری عوام جرات اور استقامت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دس لاکھ دہشت گرد بھارتی فوجیوں کا مقابلہ کررہے ہیں۔

شبیر احمد نے جموںو کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کے عمل کو غیر قانونی، ناقابل قبول،اقوام متحدہ کی قراردادوں اور چوتھے جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی قرار دیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سمیت عالمی برادری اورحکومت پاکستان پر زوردیا کہ وہ بھارت کو یکطرفہ اقدامات واپس لینے پر مجبورکرانے اور آ ئندہ ایسے اقدامات سے روکنے کے لئے فوری مداخلت کریں۔