پاکستان کے عرب ممالک کے ساتھ بہترین تعلقات ،مشرق وسطی میں امن و استحکام کے خواہاں ہیں ،شاہ محمود قریشی

پاکستان فلسطین اور کشمیر کے مسئلوں کا اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں پرامن حل کا خواہاں ہے وزیر خارجہ سے عرب پارلیمانی وفد کی ملاقات، وفد کو پہلے دورہ پاکستان پر خوش آمدید کہا،مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں ،بھارتی پالیسیوں کے باعث خطے کے امن کو درپیش خطرات سے آگاہ کیا

پیر 2 اگست 2021 15:38

پاکستان کے عرب ممالک کے ساتھ بہترین تعلقات ،مشرق وسطی میں امن و استحکام ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2021ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کے عرب ممالک کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں، مشرق وسطی میں امن و استحکام کے خواہاں ہیں،پاکستان فلسطین اور کشمیر کے مسئلوں کا اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں پرامن حل کا خواہاں ہے۔پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے وفد کی عرب پارلیمنٹ کے صدر عادل بن عبدالرحمان کی قیادت میں وزارتِ خارجہ آمد ہوئی۔

عرب پارلیمانی وفد نے وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ۔وزیر خارجہ نے عرب پارلیمانی وفد کو پہلے دورہ پاکستان پر خوش آمدید کہا ۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ عرب پارلیمنٹ، لیگ آف عرب اسٹیٹس کا اہم ادارہ ہے، پاکستان کی عرب ممالک کے ساتھ گہری وابستگی، یکساں مذہبی، ثقافتی اور تاریخی اقدار کی بنیاد پر استوار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان کے عرب پارلیمان کے رکن ممالک کے ساتھ بہترین دو طرفہ تعلقات ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہمارے مشرق وسطی کے ممالک کے ساتھ گہرے دو طرفہ مراسم ہیں، پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد مشرق وسطی میں قیام پذیر ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان، مشرق وسطی میں امن و استحکام کا خواہاں ہے ۔انہوں نے کہاکہ او آئی سی کے بانی رکن ہونے کے ناطے، ہم اتحاد امہ میں مثبت کردار ادا کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہاکہ جب میں مصر میں سرکاری دورہ پر تھا تو مجھے عرب لیگ ہیڈکوارٹر جانے، قیادت سے ملنے اور تبادلہ خیال کرنے کا موقع ملا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان، تنازعات کے دیرپا سیاسی کیلئے مذاکرات کو واحد حل سمجھتا ہے ۔وزیر خارجہ نے عرب پارلیمانی وفد کو پاکستان کی جغرافیائی اقتصادی ترجیحات کے خدوخال سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہاکہ ہماری اقتصادی ترجیحات میں روابط کا فروغ، تعمیر و ترقی میں شراکت داری، معاشی و معاشرتی ارتقا، اور امن و استحکام کیلئے کاوشیں شامل ہیں،پاکستان، مشرق وسطی میں قیام امن کیلئے، فلسطین کے مسئلے کے منصفانہ حل کو ناگزیر سمجھتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کا مسئلہ فلسطین کے حوالے سے موقف واضح اور دو ٹوک ہے۔وزیر خارجہ نے عرب پارلیمانی وفد کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بھارتی پالیسیوں کے باعث خطے کے امن کو درپیش خطرات سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ عالمی برادری، مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے اٹھائے گئے، 5 اگست 2019 کے یک-طرفہ ،غیر آئینی اقدامات کی پرزور مذمت کرے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان، فلسطین اور کشمیر کے مسئلوں کا، اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں پرامن حل کا خواہاں ہے، امید ہے عرب پارلیمانی وفد کا یہ دورہ، دو طرفہ پارلیمانی روبط کے فروغ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔